خاطیوں کو گرفتار کرنے حکومت کو 72گھنٹے کا الٹی میٹم

بنگلہ دیش میں طلباء ۔ صحافی ٹکراؤ سنگین

ڈھاکہ ۔ 7 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) بنگلہ دیش میں آج صحافیوں نے بھی حکومت کے خلاف سخت لہجہ اپناتے ہوئے حکومت کو 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا ہے کہ صحافیوں پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے جو روڈ سیفی سے متعلق طلباء کی جانب سے کئے گئے احتجاج کے کوریج کے لئے وہاں پہنچے تھے ۔ یاد رہے کہ دھن مونڈی ، جیگاتالا اور سائنس لیباریٹری کے علاقوں میں طلباء کے احتجاج کے میڈیا کوریج کے لئے پہنچے سات فوٹو جرنلسٹس جن میں اسوسی ایٹیڈ پریس کا ایک فوٹوگرافر بھی شامل ہے ، پر تیز دھاری ہتھیاروں ، لاٹھیوں اور آہنی سلاخوں سے حملے کئے گئے تھے ۔ 29 جولائی کو ایک تیز رفتار بس نے دو کمسن نوجوان طلباء کو کچل ڈالا تھا جس کے بعد طلباء برادری نے دارالحکومت ڈھاکہ میں جس نوعیت کااحتجاج کیا اُس نے عام زندگی کو مفلوج کردیا ۔ دی ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق صحافیوں اور فوٹو جرنلسٹوں کی کثیرتعداد آج جاتیہ پریس کلب میں جمع ہوئی جہاں انھوں نے اپنی برادری پر کئے گئے حملوں کے خلاف بطور احتجاج ایک انسانی زنجیر بھی تشکیل دی ۔ انھوں نے صحافیوں پر حملہ کرنے والے خاطیوں کو گرفتار کرنے کے لئے 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیا۔ اگر گرفتاری نہ ہوئی تو 11 اگست سے صحافیوں نے اپنے احتجاج میں شدت پیدا کرنے کااشارہ بھی دیدیا ہے۔ بنگلہ دیشی وفاقی یونین برائے صحافی کے صدر مولانا جلال نے جاتیہ پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ آج کے عصری ٹکنالوجی کے زمانے میں خاطیوں کو گرفتار کرنا کوئی مشکل کام نہیں رہا ۔ پولیس اگر اُن علاقوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا مشاہدہ کرے تو خاطیوں کی شناخت بہ آسانی کی جاسکتی ہے ۔ میں وزیراطلا عات اور وزیرداخلہ سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کے ساتھ بیٹھیں اور اُن لوگوں کی شناخت کریں جنھوں نے صحافیوں پر حملے کئے اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ انھیں ( خاطیوں) سخت سے سخت سزا دی جائے۔ وفاقی یونین کے جنرل سکریٹری شعبان محمود نے بھی صحافیوں سے خطاب کیا۔ کاروان بازار علاقہ میں بھی صحافیوں نے ایک طویل انسانی زنجیر تشکیل دی ۔ میڈیا میں یہ رپورٹس بھی گشت کررہی ہیں کہ صحافیوں پر حملہ کرنے والے طلباء کا تعلق بنگلہ دیش چھاترا لیگ(BCL) سے ہے جس کے حکمراں جماعت عوامی لیگ سے قریبی روابط ہیںاور بنگلہ دیش جوبا لیگ (BJL)جو عوامی لیگ کا یوتھ فرنٹ ہے ، سے ہے ۔