خاتون صنعتکاروں کو مساویانہ سرمایہ اور موقعوں تک رسائی پر زور

صنفی خلاء میں کمی سے عالمی معاشی ترقی میں اضافہ ممکن، حیدرآباد میں گلوبل انٹرپرینرس سمٹ سے ایوانکا ٹرمپ کا خطاب

عالمی صنعت کاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت:وزیراعظم

حیدرآباد 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی مشیر اور دختر ایوانکا نے آج نئے خاتون صنعتکاروں کے لئے مساویانہ قوانین اور سرمایہ تک رسائی کی پرزور وکالت کی اور کہاکہ نئے اور اُبھرتے ہوئے صنعتکاروں میں حائل صنفی خلاء کو کم کرنے سے عالمی شرح ترقی میں دو فیصد اضافہ ہوسکتا ہے۔ ایوانکا نے 8 ویں گلوبل انٹرپرینئر سمٹ (جی ای ایس) میں کلیدی خطبہ دیتے ہوئے کہاکہ خاتون صنعتکاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باوجود خواتین کو اپنی صنعتوں اور کاروبار شروع کرنے، اس کی ملکیت حاصل کرنے اور ترقی دینے کی راہ میں ہنوز کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ ایوانکا نے مزید کہاکہ ’’خواتین کی قیادت میں صنعت و تجارت کا فروغ نہ صرف ہمارے سماج کے لئے بہتر ہے بلکہ ہماری معیشت کے لئے بھی بہتر ہے۔ ایک جائزہ نے تخمینہ کیا ہے کہ عالمی سطح پر صنعتکاروں کے صنفی خلاء کو کم کرنے کی صورت میں عالمی معیشت مزید 2 فیصد ترقی کرسکتی ہے‘‘۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی سب سے بڑی دختر 36 سالہ ایوانکا جو خود بھی ایک صنعتکار، فیشن ڈیزائنر اور بزنس ومن ہیں، اُنھیں وزیراعظم نریندر مودی جون میں دورہ وہائٹ ہاؤز کے موقع پر اس چوٹی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کی دعوت دی تھی۔ حیدرآباد میں آج سے شروع ہونے والی صنعتکاروں کی چوٹی کانفرنس ’’سب کیلئے ترقی ۔ خواتین سب سے پہلے‘‘ کے زیرعنوان منعقد ہورہی ہے اور ایوانکا اس میں شرکت کرنے والے امریکی وفد کی قیادت کررہی ہیں۔ اُنھوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے اپنے خطاب کا آعاز کیاکہ دنیا بھر میں خاتون صنعتکار اور تاجرین آیا کس طرح ہماری معیشتوں میں انقلاب لارہی ہیں اور سماج میں بہتری پیدا کررہی ہیں۔ رواں سال کی جی ای ایس کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے ایوانکا نے کہاکہ ’’آپ (خواتین) ازسرنو قواعد و قوانین مرتب کررہی ہیں۔ اس سال کی چوٹی کانفرنس کا عنوان ہمارے مستقبل کی کلید ہے۔ ’’سب کے لئے ترقی و خوشحالی ۔ خواتین سب سے پہلے‘‘ مجھے فخرہ ے کہ اس کانفرنس میں شرکت کے لئے منتخب 1500 مندوبین میں پہلی مرتبہ خاتون صنعتکاروں کی اکثریت ہے‘‘۔ ایوانکا نے کہاکہ ’’ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ نئی اور اُبھرتی ہوئی خاتون صنعتکاروں کو سرمایہ تک رسائی، مختٹف نیٹ ورکس اور مربیوں تک رسائی دی جائے اور مساویانہ قانون تک اُن کی رسائی ہوسکے‘‘۔دریں اثناء وزیراعظم نریندر مودی نے آج عالمی صنعتکاروں کو ہندوستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ٹیکس اندازی اور دیگر اصلاحات شروع کئے ہیں تاکہ ہندوستان کے ماحول کو سرمایہ کار دوست بنایا جاسکے ۔ عالمی صنعتکاروں کی چوٹی کانفرنس 2017 ء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے 1200 فرسودہ قوانین حذف کرکے 87 قوانین ، 21 شعبوں میں سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے مدون کئے ہیں ۔ کئی کام کے طریقوں کو آن لائن بنادیا گیا ہے ۔ حکومت کاروباری ماحول میں اضافہ چاہتی ہے ۔ جس کے نتیجہ میں ہندوستان عالمی بینک کی رینکنگ میں اوپر آسکے ۔ فی الحال یہ 142 ویں سے 100 ویں مقام تک 3 سال کے اندر پہونچ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے نوجوان صنعتکاروں سے وہ کہنا چاہتے ہیں کہ 2022 ء تک ایک نیا ہندوستان تشکیل دیں ۔ آپ تبدیلی کے آلات اور گاڑیاں ہیں ۔ ہندوستان کی ترقی کے شراکت داری ہیں ۔ انہوں نے اپنی دل کھول کر تائید کا انہیں تیقن دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مالیات اور کرنٹ اکاؤنٹ کے خسارہ پر قابو پاچکی اور افراط زر کو کچل چکی ہے ۔ غیرملکی ذخائر 400 ارب امریکی ڈالر سے زیادہ ہوچکے ہیں ۔ تین روزہ کانفرنس کا حوالہ دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہندوستانی خواتین نے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں حصہ ادا کیا ہے ۔ کئی خواتین ججس ہائیکورٹ کی چیف جسٹس ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمجھتی ہے کہ شفاف پالیسیاں اور ماحول ہر ایک کو یکساں مواقع فراہم کرتا ہے اور اس ماحول میں ہر ایک پروان چڑھ سکتا ہے ۔ انہوں نے حکومت کے کئی اقدامات جی ایس ٹی ،صنعت کاری اسکیم ، مدرہ ، اٹل ، ایجادات مشن ، وغیرہ کا ذکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام دیہاتوں کو برقی توانائی فراہم کی جاچکی ہے اور اب صنعت کاروں کی جانب سے ایجادات کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔ جس کا ملک کو برسوں سے انتظار ہے ۔ مرکزی وزیر خارجہ سشما سواراج نے امید ظاہر کی کہ اس چوٹی کانفرنس کے نتیجہ میں ہندوستان اور امریکہ کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہونچ جائیں گے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر ایوانکا ٹرمپ نے فلک نما پیالس میں شاندار ڈنر میں شرکت کی جس کی میزبانی مرکزی حکومت نے کی تھی ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ بھی ڈنر میں شامل تھے ۔ 1500 مندوبین کیلئے ہوٹل کے لان پر علحدہ طور پر ڈنر کا انتظام کیا گیا تھا ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج حیدرآباد کے دن بھر طویل دورہ کے موقع پر میٹرو ٹرین کا افتتاح کیا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار کے بموجب 5 مرحلوں پر مشتمل صیانتی انتظامات کئے گئے تھے ۔ ایوانکا ٹرمپ آج دن کی اولین ساعتوں میں حیدرآباد پہونچ گئی تھیں اور انہوں نے جی ای ایس کے آٹھویں اجلاس سے خطاب کیا ۔ ڈی جی پی تلنگانہ ایم مہندر ریڈی قبل ازیں کہہ چکے ہیں کہ 10400 ارکان عملہ جنہیں مختلف شعبوں سے منتخب کیا گیا تھا صیانتی انتظامات کیلئے تعینات کئے گئے تھے ۔ ان میں ٹریفک پولیس ، مرکزی مسلح ریزرو پولیس ، تلنگانہ اسٹیٹ ، خصوصی پولیس ، محکمہ سراغ رسانی کا صیانتی شعبہ ، گرے ہاؤنڈس کے کمانڈوز ، مخالف نکسل فورس اور اعلیٰ سطحی آکٹوپس انسداد دہشت فورس کے ارکان عملہ شامل تھے ۔ 2000 سے زیادہ ملازمین پولیس فلک نما پیالس پر تعینات کئے گئے تھے ۔ پولیس نے 3500 مکانات کی گھر گھر تلاشی لی تھی جو اطراف کے علاقوں میں واقع ہے اور اس علاقہ کی چوٹی کانفرنس کے پیش نظر صفائی کا انتظار کیا گیا تھا ۔