خاتون اور 6 سالہ بچہ کے قتل کے محرکات ہنوز نامعلوم

نیویارک۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوجرسی میں ایک آئی ٹی پروفیشنل اور اس کے 6 سالہ بیٹے کے سفاکانہ قتل نے آس پاس کے علاقوں میں سنسنی پھیلا دی ہے جبکہ قتل کے محرکات کا ہنوز پتہ نہیں چلا ہے۔ 38 سالہ ششی کلا اور اس کا 6 سالہ بیٹا انیش نارا کو کل ان کی رہائش گاہ میں قتل کردیا گیا تھا جو فاکس میڈو اپارٹمنٹس میں واقع ہے جو نیوجرسی کی برلنگٹن کاؤنٹی کے میپل شیڈ میں ہے۔ ششی کلا کے شوہر نارا ہنومنت راؤ جب اپنی ڈیوٹی سے گھر پہنچنے تو انہوں نے بیوی اور بچے کو مردہ پایا۔ دریں اثناء احکام نے کہا ہے کہ اب تک قتل کے پس پشت محرکات کا پتہ نہیں چلا ہے جس کی تحقیقات کی جارہی ہے جبکہ کسی کی گرفتاری بھی عمل میں نہیں آئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماں اور بیٹے کو چاقو کے متعدد وار کرتے ہوئے ہلاک کیا گیا۔