جانوروں کی فروخت و گنیش تہوار پر اثر، کئی مکانات میں پانی داخل، سڑکیں لبریز
حیدرآباد۔11ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں ہلکی و تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن اس موسم کے مضر اثرات شہر میں جاری عیدالاضحی کی تیاریوں پر ہوتے نظر آرہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ شب سے جاری ہلکی و تیز بارش کے سبب شہر کی بیشتر سڑکیں لبریز ہو چکی ہیں اور عیدالاضحی کیلئے جانور فروخت کرنے والوں کو اس بارش کے سبب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ الرٹ کے مطابق خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ہو رہی بارش کا سلسلہ مزید تین یوم تک جاری رہے گا اور مختلف علاقوں میں ہلکی و تیز بارش ریکارڈ کی جائے گی۔ دونوں شہروں کے علاوہ تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ صورتحال فوری طور پر دور نہیں ہوگی۔ بارش کی سبب شہر کے کئی علاقو ں کے مکانات میں پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اور عوام بلدیہ اور منتخبہ عوامی نمائندوں پر شدید برہمی کا اظہار کررہے ہیں کیونکہ حالیہ عرصہ میں ہوئی بارش کے باوجود نالوں کی عدم صفائی نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کے لئے مشکل کا سبب بن رہی ہے۔ حیدرآباد میں ہو رہی بارش نے شہر کی سڑکوں کو انتہائی خراب کردیا ہے اورکل رات اور آج دن میں ہوئی بارش نے حالات کو مزید ابتر بنا دیا ہے۔آج دوپہر سے جاری شدید بارش کے سبب شہر کی سڑکیں جھیل کا منظر پیش کر رہی تھی ۔ اتوار کے باوجود عیدالاضحی اور گنیش تہوار کے سبب دونوں شہروں کے بازاروں میں گہماگہمی دیکھی جا رہی تھی کہ اچانک ہوئی اس بارش نے عام زندگی کو مفلوج کردیا۔ بارش کے رکتے ہی کئی علاقوں میںٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی اور لوگ جوق در جوق اپنے گھروں کا رخ کرنے لگے۔شہر میں سب سے زیادہ بارش ملکا جگری میں ریکارڈ کی گئی جہاں 22.25ملی میٹر بارش ہوئی ۔پرانے شہر کے علاقوں میں دوپہر کے وقت شدید بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید تین یوم کے دوران ہلکی و تیز بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔گذُشتہ دو یوم سے شہر میں صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا کچھ وقت کیلئے گرمی اور دھوپ کی شدت سے بادل چھٹنے کی امید پیدا ہو چکی تھی لیکن دوپہر کے بعد ہونے والی بارش سے ایک مرتبہ پھر صورتحال ابتر ہو گئی جس کے سبب عوام با لخصوص جانوروں کی تجارت کرنے والوں اور خریداری کیلئے پہنچنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کمشنر بلدیہ نے ٹریفک پر بہتر کنٹرول کیلئے بارش رکتے ہی گھروں سے نہ نکلنے کی اپیل کی۔