حیدرآباد( تلنگانہ ) : شہر کے ایک خانگی اسپتال میں مریض کے رشتہ داروں کو اطلاع دیئے بغیر مریض کا گردہ نکال دیا گیا ۔ اس معاملہ کو لے کر رشتہ داروں نے دواخانہ میں گڑبڑ کی او راحتجاج بلند کیا ۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کی خبر کے مطابق مریض شیوا پرساد گوڑ کے بھائی نے بتایا کہ ۲۶؍ فروری کے دن میرے بھائی شیوا پرساد گوڑ کو پیٹ میں ٹیومر کی شکایت پر یشودھا ہاسپٹل ملک پیٹ میں شریک کروایا گیا ۔ ڈاکٹر س کی ایک ٹیم نے بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ ان کے بھائی کے پیٹ میں سے ٹیومر نکال دیا جائے گا او ر وہ پہلے کی طرح اچھا ہوجائے گا ۔ لیکن کل صبح ۱۱؍ بجے ڈاکٹر اوما شنکر اور ان کی ٹیم نے میرے بھائی کا آپریشن کیا ۔
آپریشن کے بعد ڈاکٹر اوما شنکر نے کہا کہ ان کے بھائی کا آپریشن کردیاگیا ہے اسے کچھ گھنٹوں میں ہوش آجائے گا ۔ لیکن آج صبح سے اس کی حالت انتہائی نازک بتائی جارہی ہے ۔ اسے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے ۔ شیوا پرساد کے بھائی نے مزید کہا کہ جب ہم نے اس کی صحت کے بارے میں ڈاکٹرس سے دریافت کیا تو ہمیں بتایاگیا کہ اس کا ایک گردہ نکال دیا گیا ہے کیونکہ ٹیومر کی وجہ سے اس کا گردہ ناکارہ ہوگیا ہے ۔ مریض کے بھائی شیوا نے کہا کہ وہ ہمیں اطلاع دئے بغیر گردہ کیسے نکال سکتے ہیں ۔
ہمیں انصاف چاہئے ۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مریض شیوا پرساد گوڑ کے کچھ رشتہ دار یشودھا ہاسپٹل ملک پیٹ کے باہر احتجاج بلند کئے ہیں ۔ احتجاجیو ں کا دعوی ہے کہ ان کے مریض کا گردہ بغیر اطلاع کے نکال دیاگیا ہے ۔ پولیس نے مزید کہا کہ ہم نے فوری موقع پر پہنچ کر حالا ت کو قابو میں کرلیا ہے ۔ لیکن مریض کے رشتہ داروں کی جانب سے تاحال کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ اگر شکایت درج کروائی جاتی ہے تو ہم ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کریں گے ۔