بلاضرورت گھروں سے نہ نکلنے کا مشورہ ، کمشنر بلدیہ کی جانب سے اعلامیہ جاری
حیدرآباد۔30اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں گرمی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہاہے اور آئندہ تین یوم کے دوران شہر میں گرم ہواؤں کے امکانات موجود ہیں اسی لئے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر دانا کشور نے آج بلدی حدود میں ریکارڈ کئے جانے والے درجہ حرارت کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے شہریان حیدرآباد سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق شہر حیدرآباد میںقطب اللہ پورکے علاقہ میں سب سے زیادہ گرمی ریکارڈ کی جا رہی ہے جہاں درجہ حرارت 42.5 ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ یوسف گوڑہ کے علاقہ میں 42.2درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اس کے علاوہ موسی پیٹ ‘ گجلا رامارم کے علاقو ںمیں درجہ حرارت 42.1 ریکارڈ کیا گیا۔فلک نما‘ چارمینار‘ چندرائن گٹہ کے علاوہ گوشہ محل کے علاقوں میں 41.7 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 30اپریل کی علی الصبح جاری کردہ انتباہ میں عوام کو متنبہ کرتے ہوئے بلدیہ نے اپیل کی کہ وہ گرم ہواؤں سے خود کو محفوظ رکھنے کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ کمشنر جی ایچ ایم سی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اس بات کی صراحت کی گئی ہے کہ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ بلدی حدود میں موجود علاقوں میں گرم ہوائیں چلنے لگی ہیں اور آئندہ دو یوم کے دوران یہ گرم ہوائیں جاری رہیں گی۔ دونوں شہروں کے علاوہ اطراف کے علاقوں میں ریکارڈ کئے جانے والے درجہ حرارت کے سلسلہ میں عہدیداروں کا کہناہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق کئی برسوں بعد شہر حیدرآباد میں اس طرح شدت کی گرمی ریکارڈ کی جا رہی ہے ۔ بلدی کی جانب سے کی جانے والی اپیل میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ٹھنڈے مشروبات کے علاوہ پانی کے استعمال میں کثرت کریں تاکہ جسم سے خارج ہونے والی پانی کی مقدار کو متوازن رکھا جاسکے کیونکہ گرم ہواؤں کے دوران جسم میں پانی نہ ہونے کے سبب ہی لو لگنے کے واقعات پیش آتے ہیں اور اس طرح کی شدید گرمی کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر کے پر ہجوم مقامات پر پینے کے پانی کا انتظام کیا جا رہا ہے ۔ شہر میں گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے کئی تنظیموں اور سماجی کارکنوں کی جانب سے ٹھنڈے مشروبات کی تقسیم کے ذریعہ راہگیروں کو گرمی سے راحت پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔