حیدرآباد میں چیف منسٹر کا آج پہلا انتخابی جلسہ

حیدرآباد۔28مارچ(سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 29مارچ کو شہر حیدرآباد میں پہلے انتخابی جلسہ سے خطاب کریں گے۔فتح میدان میں منعقد ہونے والے اس جلسہ عام کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور ٹی آر ایس کی جانب سے اس جلسہ عام کے دوران تین حلقہ جات پارلیمان سکندرآباد‘ چیوڑلہ اور ملکا جگری کے لئے انتخابی مہم چلائی جائے گی۔تین پارلیمانی حلقوں کے اس مشترکہ جلسہ عام سے چیف منسٹر و سربراہ تلنگانہ راشٹر سمیتی چندر شیکھر راؤ کا خصوصی خطاب ہوگا۔شام 4بجے تا9 بجے شب منعقد ہونے والے اس جلسہ عام کیلئے پارٹی کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے لال بہادر اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک تحدیدات عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔نظام کالج اور باغ عامہ میں جلسہ کے شرکاء کی گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے اور اسٹیڈیم کی سمت کسی بھی گاڑی کو پہنچنے کی اجازت حاصل نہیں رہے گی۔