حیدرآباد میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانہ کے قیام سے اتفاق

یو اے ای وزیرخارجہ کی چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات ۔ ریاست کی ترقیاتی و فلاحی اسکیمات کی ستائش

حیدرآباد۔ 28 جون (سیاست نیوز) متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ و وزیر بین الاقوامی باہمی تعاون شیخ عبداللہ بن زیدالنیہان نے حیدرآباد میں یو اے ای کے قونصلیٹ کے قیام سے اتفاق کیا جس پر چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے چیف سیکریٹری کو فوری اراضی کی نشاندہی کرکے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے تلنگانہ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کی ترقی اور اقلیتی ریسیڈنشیل اسکولس کی ستائش کی۔ آج شام پرگتی بھون میں شیخ عبداللہ بن زیدالنہیان نے چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ تلنگانہ کی سماجی، معاشی شعبوں میں ترقی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ترقیاتی، تعمیری اور فلاحی اسکیموں کو مثالی اور متاثرکن قرار دیا۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے تلنگانہ میں صنعتوں کے قیام سماجی شعبوں میں تعلیمی نظام، طبی سہولتوں کی فراہمی کی تعریف کی اور ان سب کی فراہمی کیلئے نئی ریاست کو درپیش چیلنجس کو قبول کرکے آگے بڑھنے پر تعجب کا اظہار کیا۔ مختصر عرصہ میں برقی شعبہ کی ترقی زرعی شعبہ میں انقلاب پر تفصیلات طلب کی۔ ریاست میں زیرتعمیر آبپاشی پراجیکٹس کے علاوہ اقلیتی طلبہ کیلئے قائم کئے گئے اقامتی اسکولس اقلیتوں کی ترقی و بہبود کیلئے اقدامات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے انہیں کالیشورم پراجیکٹ کے تعمیری کاموں کا معائنہ کرنے کی دعوت دی جس پر شیخ عبداللہ بن زیدالنہیان نے کہا کہ وہ جلد دوبارہ آئیں گے اور تین چار دن قیام کرکے تلنگانہ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے علاوہ کالیشورم کا دورہ کریں گے۔ حیدرآباد میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانہ کے قیام سے شیخ عبداللہ زیدالنہیان نے اتفاق کیا جس پر چیف منسٹر کے سی آر نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس میں موجود چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی کو ہدایت دی کہ وہ فوری اراضی کی نشاندہی کرکے تمام بنیادی سہولتیں فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانہ کے قیام سے تلنگانہ اور یو اے ای کے تعلقات میں استحکام پیدا ہوگا ۔ چیف منسٹر نے متحدہ عرب امارات اور تلنگانہ کے درمیان موجود ثقافتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ سنٹرل ایشیا اور حیدراباد کے درمیان جاری تاریخی، تجارتی، تہذیبی و ثقافتی اُمور اور تعلقات کی تفصیلات سے شیخ عبداللہ بن زیدالنہیان کے وفد کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر نے انہیں بتایا کہ تلنگانہ ساری دنیا میں میڈیکل ہب کے طور پر ترقی کررہا ہے۔ میڈیکل ٹورازم کو تقویت پہنچ رہی ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ ایز ان ڈوینگ بزنس میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے۔ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ نے ہر شعبہ میں انقلابی ترقی کرکے سارے ملک کو متاثر کیا ہے۔ تلنگانہ کی آمدنی میں اضافہ کے اعداد و شمار پیش کئے جس پر یو اے ای کے وزیر نے مختصر عرصہ میں تلنگانہ کی ترقی کو مثالی قرار دیا۔ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کی ستائش کی۔ چیف منسٹر نے شیخ عبداللہ بن النہیان کو تاریخی چارمینار کا مومنٹو پیش کیا۔ رکن راجیہ سبھا کے کیشو راؤ، چیف سیکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی، چیف منسٹر کے پرنسپل سیکریٹری ایس نرسنگ راؤ، حکومت کے مشیر اے کے خاں کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیدار موجود تھے۔