3 روزہ فیسٹیول کا ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے افتتاح کیا
حیدرآباد ۔ 13 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : حیدرآباد میں انٹرنیشنل کائٹ فیسٹیول کا افتتاح عمل میں آیا ۔ پریڈ گراونڈس پر آج منعقدہ ایک تقریب کے ساتھ ہی تیسرے تلنگانہ انٹرنیشنل کائیٹ فیسٹیول کا آغاز ہوا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے سہ روزہ شاندار فیسٹیول کا افتتاح کیا ۔ جب کہ وزیر سیاحت اجمیرا چندو لال ، سکریٹری سیاحت بورا وینکٹیشم ، کمشنر سیاحت سنیتا بھاگوت بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ نیشنل کیڈٹس کارپس این سی سی نے مارچس میں حصہ لیا جب کہ کئی ایک تعلیمی اداروں کے طلباء نے حصہ لیا ۔ اس موقع پر فوک ڈانس بھی ہوا ۔ اس فیسٹیول میں مختلف سائز کے پتنگ اڑائے جائیں گے ۔ ان میں زیادہ تر ریموٹ کنٹرول والے پتنگ ہوں گے ، رنگ برنگے پتنگوں سے آسماں میں ایک خوشنما منظر ابھر رہا ہے ۔ اس فیسٹیول میں لڑکیوں کی تعلیم کو یقینی بنانے کی حمایت کے ساتھ پتنگوں کو اڑایا جارہا ہے ۔ قومی پرچم والے پتنگ بھی پیش کئے جارہے ہیں ۔ یہ کائٹ فیسٹیول 2016 میں شروع ہوا تھا جس کو آغا خاں اکیڈیمی کی جانب سے منعقد کیا جارہا ہے ۔ پہلے دو فیسٹیول شمس آباد میں اکیڈیمی کے احاطہ میں منعقد کئے گئے ۔ اس سال تلنگانہ وزارت سیاحت نے شراکت داری کی حیثیت سے فیسٹیول کا اہتمام کیا ۔ جب کہ آغا خاں اکیڈیمی اور دیگر ادارے بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ اس فیسٹیول میں 15 ممالک حصہ لے رہے ہیں جہاں جملہ 80 پتنگ اڑیں گے ۔ ہر سال سنکرانتی تہوار کے موقع پر پتنگ بازی ہوتی ہے ۔ پرانے شہر میں خاص کر اس تہوار کا خاص اہتمام ہوتا ہے ۔۔