حیدرآباد میں امکانی جمعۃ الوداع خشوع و خضوع سے منایا گیا

خطباء و ائمہ کی رخت انگیز دعائیں ، مکہ مسجد میں روح پرور منظر ، لاکھوں مصلیوں کی شرکت
حیدرآباد۔8جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں خشوع و خضوع کے ساتھ امکانی جمعۃ الوداع کا اہتمام کرتے ہوئے مسلمانوں نے بدیدۂ نم ماہ رمضان المبارک کے امکانی آخری جمعہ کو وداع کیا۔ شہر حیدرآباد و سکندرآباد کی تمام مساجد میں خطباء و آئمہ نے الوداع الوداع الوداع یا ماہ رمضان کی صداؤں کے ساتھ دعاء کی کہ اللہ اس رمضان المبارک کے دوران کی جانے والی عبادتوں اور قبول فرمائے اور اس ماہ مبار ک کے دوران عبادتوں میں ہونے والی کوتاہیوں کو معاف فرمائے ۔جمعۃ الوداع کے موقع پر دونوں شہروں میں سب سے بڑا نمازیوں کا اجتماع تاریخی مکہ مسجد میں دیکھا گیا جہاں حسب روایت مصلی مسجد کے بیرونی حصہ تک پہنچ گئے تھے اور لاڈ بازار میں بھی مصلیوں کیلئے نماز کا خصوصی انتظام کیا گیا تھا ۔تاریخی مکہ مسجد میں خطبہ و نماز جمعہ کی امامت کے فرائض مولانا حافظ محمد رضوان قریشی خطیب و امام مکہ مسجد نے انجام دیئے ۔ مکہ مسجد میں قبل از جمعہ عالمی قرآنی روحانی مہم کے سلسلہ میں شہر میں موجود جامعہ ازہرسے تعلق رکھنے والے مصری قرأ الشیخ سامع احمد زئینہ‘ الشیخ عبدالباسط‘ الشیخ مصطفی نے اپنے منفرد انداز میں قرأت کلام پاک پیش کی ۔ ان مصری قرأ نے اپنے منفرد لحن و مسحور کن اندازمیں قرأت قرآن کی۔ قبل ازیں مولانا پیر شبیرنقشبندی افتخاری نبیرۂ حضرت افتخار علی شاہ وطن ؒ نے قرآنی مہم کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ 28سال سے عالمی شہرت یافتہ قرأ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ انہو ںنے اس موقع پر موجود مسلمانوں کو تاکید کی کہ وہ اپنے بچوں کو حافظ قرآن و قاریٔ قرآن بنائیں ۔ مولانا پیر شبیر نقشبندی نے کہا کہ عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف جاری سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے مؤثر ذریعہ قرآنی تعلیما ت کو پیش کرنا ہے۔ انہوںنے مسلمانو ںکو مشکوک بنانے کی کوشش کرنے والوں کو سخت انتباہ دیا۔ مکہ مسجد میں بعد نماز جمعہ مجلس اتحاد المسلمین کا جلسۂ یوم القرآن منعقد ہوا۔اس جلسہ سے صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسد الدین اویسی نے خطاب کیا ۔اس کے علاوہ شہر کی دیگر مساجد جامع مسجد دارلشفاء ‘ جامع مسجد مشیرآباد‘ جامع مسجد ٹین پوش ‘ شاہی مسجد باغ عامہ ‘ مسجد حج ہاؤز‘ ٹیک کی مسجد نامپلی‘ مسجد عزیزیہ ‘ مسجد شاداں وزارت رسول خان‘ مسجد حسینی‘ مسجد عالمگیر ‘ جامع مسجد اے بیاٹری لائن‘ جامع مسجد بارکس‘ جامع مسجد چوک ‘ مسجد صلا ح الدین علی خان ‘ مسجد حافظ ڈنکا‘ مسجد مردھے منورکے علاوہ شہر حیدرآباد میں جن مساجد میں نماز جمعہ ہوتی ہے ان تمام میں ملک میں امن و سلامتی کے لئے اور عالم اسلام کی سرخروی و نصرت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی ۔شہر حیدرآباد میں مختلف مقامات پر فلسطین کی تائید میں ’’ یوم القدس‘‘ بھی منایا گیا جو کہ ہر سال دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو منایا جاتا ہے اور اس موقع پر مخالف اسرائیل مظاہرے کئے جاتے ہیں۔مکہ مسجد کے اطراف و اکناف محکمہ پولیس کی جانب سے مصلیوں کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔ اگر جاریہ ماہ رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل ہوتے ہیں تو آئندہ جمعہ جمعۃ الوداع قرار پائے گا ۔