حیدرآباد میں آج رام نومی جلوس سے توگاڑیہ کا خطاب

حیدرآباد:سری رام نومی کے پیش نظر حیدرآباد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی کے موثر انتظامات کئے ہیں اور سینکڑوں سی سی ٹی وی کیمرے خصوصی طور پر نصب کئے گئے ہیں

۔تین ہزار سے زائدپولیس عملہ ڈیوٹی پر متعین رہے گااور رام نومی شوبھا یاترا کا آغاز منگل ہاٹ ‘ سیتا رام باغ سے ہوگا جو مختلف علاقوں سے گزرتاسلطان بازار ہنوما ویام شالا پر اختتام پذیر ہوگا۔سات کیلو میٹرکے راستے کو کئی حصوں میں بانٹ دیاگیا ہے جبکہ ہرحصہ کے لئے ایک سینئر پولیس عہدیدار کاتقرر عمل میں لایاگیا ہے۔

سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ ریالی پر کڑی نظر رکھی جائے گی کیوں نکہ امکان ہے کہ وشوا ہندو پریشد کے انٹرنیشنل جنرل سکریٹری پروین توگاڑیہ شوبھا یاترا ریالی سے خطاب کریں گے۔

سٹی پولیس کمشنر ایم مہیندر ریڈی نے بتایا کہ دوپہر 12بجے شروع ہونے والی ا س ریالی کا اختتام رات 8بجے ہونے کا امکان ہے ۔ اور انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ریالی کے دوران پولیس سے تعاون کریں۔

پولیس نے اس موقع پر کئی علاقوں میں ٹریفک تحدیدات بھی عائد کئے ہیں او رریالی کے راستوں پر ٹریفک کا رخ موڑدیاگیاہے۔

سری رام نومی کے پیش نظرپولیس نے ساتھ ‘ ایسٹ اور ویسٹ زون سے وابستہ روڈی شیٹرس کو انتباہ دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی شرانگیزی میں ملوث نہ ہوں۔کمشنر ٹاسک فورس کی ٹیم شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے او رقوانین کی خلاف ورزی پر سخت کاروائی کا انتباہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ کمشنر پولیس حیدرآباد نے دو دن قبل دونوں شہروں میں ریالیوں میں ڈی جے کے استعمال پر امتناع عائد کیاہے اور اس کے استعمال پر کاروائی کا بھی پولیس نے انتباہ دیا ہے۔