حلقہ اسمبلی کاروان سے فرقہ پرستی کو ختم کرنے کا اعلان

کانگریس امیدوار عثمان بن محمد الہاجری کا دورہ ، بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل
حیدرآباد /5 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) حلقہ اسمبلی کاروان سے انسانیت کیلئے تکلیف دہ ہر چیز کو ہٹادیا جائے گا ۔ انسانوں کا خون چوسنے والے مچھروں یا پھر قبرستانوں کو فروخت کرنے والے اوقافی جائیدادوں کے سوداگر لینڈ گرائبرس سے لیکر لینڈ مافیا ، غنڈہ عناصر اور سودخوروں تمام کو حلقہ کاروان سے ہٹادیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عثمان بن محمد الہاجری امیدوار کانگریس پارٹی حلقہ کاروان نے کیا ۔ انہوں نے آج انتخابی مہم کے آخری دن کاروان حلقہ میں زبردست بائیک ریالی نکالی اس ریالی نے سارے حلقہ اسمبلی کاروان کے علاقوں کا حاطہ کیا اور اس دوران عثمان الہاجری کو جگہ جگہ عوام کاغیر معمولی ردعمل حاصل ہوا ۔ انہوں نے اس موقع پر عوام سے وعدہ کیا کہ اگر وہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کرسکے تو اندرون ایک سال اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ جناب عثمان الہاجری نے کہا کہ وہ تنخواہ کے محتاج نہیں ہیں ۔ بلکہ رکن اسمبلی کی تنخواہ کو وہ یتیم بچوں کی تعلیم پر صرف کردیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ قوم و ملت کے نام پر ووٹ مانگنے نہیں آئے ہیں بلکہ ترقی کے نام پر فرقہ پرستی کے خاتمہ کیلئے مذہب کی آڑ میں چلائے جانے والے لینڈ مافیا کو ختم کرنے ظلم و جبر کا شکار مظلوم عوام کو راحت دلانے انسانیت کا پیغام دینے اور سچے خدمت خلق کے جذبہ کے تحت میدان سیاست میں آئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی کاروان میں جگہ جگہ مسائل کے انبار ہیں اور عوام پریشانی کا شکار ہیں ۔ ایک وقت ہیرے کی منڈی والا یہ حلقہ آج کوڑے کی منڈی میں تبدیل کردیا گیا ہے ۔ عوام جگہ جگہ اپنے مسائل پیش کرتے ہوئے اشکبار ہو رہے ہیں اور قوم و ملت کی دہائی دینے والوں کو اس بات کا احساس ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ قائدین میں احساس مرچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مکان کی چھت کی تعمیر کیلئے ایک لاکھ اور قبر کیلئے ہزاروں روپئے جماعت کے ظلم سے انسانوں کے دنیا و آخرت کے مکانات بھی محفوظ نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسائل کو فوری حل کریں گے اور ہر سرکاری اسکیم کو عوام کی دہلیز تک پہونچاتے ہوئے عوام کو راحت فراہم کریں گے ۔ اس ریالی کا آغاز مسجد محمودیہ سے ہوا جو تعلیم املاپور ، محبوب کالونی سے ہوتے ہوئے نماز ظہر تک مختلف علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے مسجد مصطفی پہونچی ۔ اس مسجد کو عثمان الہاجری نے سال 2015 میں آباد کیا تھا جو غیر آباد تھی ۔ جناب عثمان الہاجری نے اپنے حامیوں کے ہمراہ قافلہ کے ساتھ یہاں نماز ظہر ادا کی اور ابراہیم باغ سے متصلہ گولکنڈہ کے بڑا بازار ، چھوٹا بازار ، صالح نگر ، کنچہ کٹورہ ہاوز ، ٹولی چوکی اذاں اسکول جہاں پر ایک کارنر میٹنگ اس اجلاس میں عثمان الہاجری نے عصمت ریزی کرنے والے مجرم کی پشت پناہی کرنے والوں کو سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا ۔ اس موقع پر کانگریس اور تلگودیشم قائدین بشمول محمد امجد اور دیگر موجود تھے ۔