حلقہ اسمبلی مہیشورم کے مختلف علاقوں میں عنقریب ترقیاتی کام

ڈپٹی چیف منسٹر کا دورہ ، عوامی شکایتوں کی سماعت ، مسائل کو حل کرنے کا تیقن
حیدرآباد۔23ڈسمبر(سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی نے مہیشورم اسمبلی حلقہ کے مختلف محلہ جات ‘ بارکس صلالہ‘ شاہین نگر‘ جل پلی و اطراف کے علاقوں کا دورہ کرکے عوام سے ملاقات کی اور عوامی مسائل کے متعلق شکایتیں وصول کی۔ ان کے ہمراہ متعلقہ ایم پی کونڈا ویشویشوار ریڈی‘ رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی‘ کارپوریٹرس کے بشمول بلدی برقی او رمحکمہ آبرسانی کے عہدیدار موجود تھے ۔ عوام نے ٹی کرشنا ریڈی کے متعلق ڈپٹی چیف منسٹر سے شکایت کی اور کہاکہ بے شمار مسائل پر بھی وہ توجہہ نہیںدے رہے ہیں۔برقعہ پوش خواتین کی کثیرتعداد نے شکایت کرنے پر کرشنا ریڈی کی عوام سے بدسلوکی کرنے سے واقف کروایا ۔ عوام نے کہاکہ ان کی حمایت ٹی آر ایس حکومت کو ہے مگر پارٹی رکن اسمبلی کارویہ عوام کیلئے تکلیف دہ ہے۔ مقامی افراد نے شاہین نگر میںاسکول ‘ کالج اور اسپتال قائم کرنے ڈپٹی چیف منسٹر سے نمائندگی کی اور کہاکہ بنیادی ضرورتوں کے ساتھ مفت تعلیم علاقے کی ترقی میںمدد گارثابت ہوگی ۔ عوام نے شاہین نگر و اطراف میںراشن شاپ کی عدم موجودگی کے سبب مشکلات کا تذکرہ کیا۔مقامی افراد نے کہا کہ پہلی بار ڈپٹی چیف منسٹر نے خود علاقے کا دورہ کرکے عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی جس پر ہم حکومت اور الحاج محمد محمودعلی دونوں کے شکر گذار ہیں ۔بعدازاں عوام سے خطاب میں جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ چار سال میں ساری ریاست کے مسائل حل کرنا کسی حکومت کیلئے آسان نہیںہے۔ چیف منسٹر چندرشیکھر رائو کی پارٹی کے تمام عوام نمائندوں کو خصوصی ہدایت ہے کہ وہ عوام کے درمیان رہیں اور عوامی مسائل کی یکسوئی کو یقینی بنائیں۔ انہو ںنے شاہین نگر ‘ جل پلی او راس کے اطراف کے علاقے شدیدپسماندگی کاشکار ہونے کا اعتراف کیا اور جنگی خطوط پر ان مسائل کو حل کرنے کا منصوبہ تیار کیاجارہا ہے ۔ بہت جلد شاہین نگر میں اسکول ‘ کالج او راسپتال قائم کیا جائیگا۔ انہو ںنے کہا کہ متعلقہ ایم پی او رکن اسمبلی سے مشاورت کے بعد چیف منسٹر سے نمائندگی کی جائیگی ۔ انہوں نے تیقن دیا کہ 50 کروڑ کے خرچ سے مہیشورم کو رنگا ریڈی کا ترقی یافتہ حلقہ بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ پچیس لاکھ کی لاگت سے شاہین نگر میںقبرستانوں کی دیوار کی تعمیر عمل میںلائی جارہی ہے جبکہ نئی ڈرنیج لائن کی تنصیب اور سی سی روڈز کی تعمیر کا بھی کام جلد شروع جائیگا۔شاہین نگر کی گلی کا چوںکو دورہ کے بعد تشویش کی کہ بارش میںیہاں لوگ کس طرح رہتے ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ بارش سے علاقے میںایک انچ پانی بھی گلی میں رکنے کی گنجائش باقی نہیںرکھی جائیگی۔ برقی کھمبے نصب کرکے ایل ای ڈی لائٹس لگائے جائیں گے ۔ بیس کروڑکی لاگت سے چارعدد پانی کی ٹانکیاں تعمیرکی جارہی ہیں تاکہ پانی کی وافر مقدار میں پانی کی سربراہی عمل میںلائی جاسکے۔جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت ریاست کے تمام مذاہب او رطبقات کے چہروں پر خوشحالی لانے کام کررہی ہے۔ رکن پارلیمنٹ کونڈا ویشویشوار ریڈی اور رکن اسمبلی ٹی کرشنا ریڈی نے بھی عوام سے خطاب کیا ۔