حضوراکرم ؐ کی تعلیمات پر عمل ہی کامیابی کی ضمانت

دونوں شہروں میں شب براء ت کے جلسے ۔ مختلف علما کے خطاب
حیدرآباد۔یکم۔مئی(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں شب برأت کا انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیا گیا اور شہر کے مختلف مقامات پر جلسہ ہائے فضائل شب برأ ت کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔ علماء نے ان جلسوں سے خطاب کے دوران امت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ اللہ رب العزت کو راضی کروانے حبیب پاک احمد مجتبی محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات کو اختیار کریں اور سنت کے مطابق زندگی گذاریں۔ اللہ کے رسول ؐ نے امت کو جو تعلیمات فراہم ہیں ان پر عمل آوری ہی امت کی کامیابی کی ضمانت ہے اور اگر کوئی ان تعلیمات کو نظر انداز کرکے لغویات میں مصروف ہوجاتا ہے تو وہ اللہ کے عذاب کو دعوت دینے والا بن جاتا ہے۔ شب برأت کے موقع پر جامع مسجد چوک میں مرکزی جلسہ فضائل شب برأت سے مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے امت مسلمہ کو تاکید کی کہ وہ شب برأت کے ساتھ ماہ رمضان المبارک کی خصوصی عبادتوں کے اہتمام کیلئے خود کو تیار کرنا شروع کردیں تاکہ ماہ رمضان کے دوران عبادتوں میں کوتاہی نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ تعالی 15شعبان المعظم کو بڑی تعداد میں اپنے بندوں کی بخشش فرماتے ہیں اور مقدرات کے فیصلے فرماتے ہیں اسی لئے اس رات کو رائیگاں کرنے کی بجائے اس میں اللہ تعالی کا قرب حاصل کرنے کی کوشش کر نی چاہئے ۔ جامع مسجد چوک کے علاوہ رحمت عالم کمیٹی کی جانب سے چنچل گوڑہ جونئیر کالج میدان میں مرکزی جلسہ شب برأت منعقد ہوا۔ کل ہند مرکزی میلاد کمیٹی کے جلسہ شب برأت کا میلاد میدان خلوت میں انعقاد عمل میں لایا گیا۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں کل ہند بزم رحمت عالم کے زیر اہتمام مرکزی جلسہ شب برأت کا اہتمام کیا گیا تھا ان جلسہ ہائے شب برأ ت سے مقامی اور بیرونی علمائے کرام و مشائخین نے مخاطب کیا ۔اس کے علاوہ شاہی مسجد باغ عامہ میں جلسہ شب برأت بعنوان ’ اللہ سے معافی چاہئے ‘ منعقد ہواجلسہ کی نگرانی مولانا شاہ محمد بن عبدالرحمن الحمومی نے کی اور مولانا محسن بن محمد الحمومی کا خطاب ہوا ۔شہر کی مساجد کے علاوہ مختلف خانقاہوں و درگاہوں میں بھی حلقہ ذکر و نوافل کا اہتمام کیا گیا تھا علاوہ ازیں شہر کے تمام قبرستانوں میں خصوصی روشنیوں کے انتظامات کئے گئے تھے ۔