مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی سے چیرمین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں کی ملاقات
حیدرآباد۔ 28 ۔ فبروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے حج 2018 ء کیلئے تلنگانہ کو زائد نشستیں الاٹ کرنے کے سلسلہ میں ہمدردانہ غور کا تیقن دیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی محمد مسیح اللہ خاں نے آج نئی دہلی میں مختار عباس نقوی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کا مکتوب حوالے کیا۔ مکتوب میں حج 2018 ء کیلئے تلنگانہ حج کمیٹی کو موصولہ درخواستوں کے اعتبار سے کم از کم ایک ہزار نشستوں پر مبنی زائد کوٹہ الاٹ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ مختار عباس نقوی کو بتایا گیا کہ 17130 درخواستیں داخل کی گئیں اور حج کوٹہ کے اعتبار سے 4066 عازمین حج کا انتخاب عمل میں آیا۔ 13,000 سے زائد درخواست گزار ویٹنگ لسٹ میں ہیں اور اگر ایک ہزار تک کوٹہ الاٹ کیا جاتا ہے تو تلنگانہ سے حج کی سعادت کیلئے عازمین کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔ اضافی کوٹہ کے سلسلہ میں مختار عباس نقوی کو اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرنے کی خواہش کی گئی ۔ مرکزی وزیر نے مسیح اللہ خاں کو تیقن دیا کہ وہ ملک بھر سے سفر منسوخ کرنے والے عازمین کی جملہ تعداد کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ کیلئے زائد نشستیں الاٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت عازمین حج کیلئے بہتر خدمات کی فراہمی کے حق میں ہے اور فضائی کرایوں میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ، جو عازمین حج کیلئے بڑی راحت ہے۔ طویل مسافتی ریاستوں میں فضائی کرایہ زیادہ تھا، لہذا حکومت نے تمام ریاستوں کے کرایوں میں یکسانیت پیدا کرنے اور عازمین کو مالی بوجھ سے بچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی نے انہیں تلنگانہ میں حج تربیتی کیمپس کے انعقاد کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ تربیتی کیمپس میں حصہ لینے والے عازمین کو سفر حج اور مناسک حج میں کوئی دشواری کا سامنا نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح جاریہ سال بھی حج کیمپ میں بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خصوصی دلچسپی سے تلنگانہ حج کیمپ ملک بھر میں مثالی رہے گا۔ مسیح اللہ خاں نے مرکزی وزیر کو کسی ایک تربیتی کیمپ میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ مرکزی وزیر کو تہنیت پیش کرتے ہوئے شال پوشی کی گئی اور چارمینار کا مومنٹو پیش کیا گیا ۔ صدرنشین حج کمیٹی نے درگاہ حضرت نظام الدین اولیائؒ پر حاضری دی اور چیف منسٹر کے سی آر کی صحت درازی عمر اور تلنگانہ کی ترقی کیلئے دعا کی ۔