حج کی تیاریوں کا آغاز:نقوی

ممبئی، 3جنوری(سیاست ڈاٹ کام)وزیر مملکت برائے اقلیتی امور(آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ اقلیتی وزارت اور حج کمیٹی آف انڈیا نے آئندہ حج کی تیاریاں بہت پہلے سے شروع کر دی ہیں تاکہ حاجیوں کو سفر حج کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ممبئی کے لوک مانیہ تلک مارگ پر واقع حاجی سابو صدیق مسافر خانہ روڈ پر واقع مہاراشٹر اسٹیٹ حج کمیٹی کے نوتعمیرشدہ دفتر کے افتتاح کے موقع پر نقوی نے کہا کہ حاجیوں کو عمدہ ترین سہولیات مہیا کرانا حکومت اور دیگر ایجنسیوں کی ذمہ داری ہے ۔ہماری وزارت اس سلسلے میں جنگی پیمانے پر کام کر رہی ہے ۔مرکزی وزیر نے مزیدکہا کہ ہر ریاست میں حج ہاؤس بنائے جانے چاہئیں۔اس کے لئے ہماری وزارت ہر ممکن مددکے لئے تیار ہے ۔ ہم نے ریاستی حکومتوں کو اس سلسلے میں خط بھی روانہ کیا ہے ۔