حج کیمپ کا کامیاب انعقاد ، چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر

خادم الحجاج سے مسلسل ربط برقرار ، عازمین خیر و عافیت ، سکریٹری اقلیتی بہبود کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29۔اگست (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے دعویٰ کیا ہے کہ جاریہ سال حیدرآباد میں حج کیمپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا اور تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش اور کرناٹک کے عازمین حج حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے۔ تینوں ریاستوں کے جملہ 4900 عازمین حج کی روانگی ایر انڈیا کی 15 خصوصی پروازوں کے ذریعہ عمل میں آئی۔ حج ہاؤز میں منعقدہ حج کیمپ اور راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ پر حج ٹرمنل میں عازمین حج کیلئے گزشتہ برسوں کی طرح بہتر سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حج 2016 ء کیمپ کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ آندھراپردیش کی تقسیم کے بعد سے حیدرآباد میں یہ تیسرا کیمپ ہے اور سہولتوں کے اعتبار سے اس کیمپ کو ملک بھر میں پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 21 اگست سے پروازوں کا آغاز ہوا اور 28 اگست کو آخری قافلہ روانہ ہوا۔ تلنگانہ سے 2620 ، آندھراپردیش کے 1648 اور کرناٹک کے 632 عازمین حج حیدرآباد سے روانہ ہوئے۔ گرین زمرہ میں 1740، عزیزیہ میں 2791 اور رباط میں 371 عازمین قیام پذیر ہیں۔ مرد عازمین کی تعداد 2541 ہے جبکہ خواتین 2359 ہیں۔ دو سال سے کم عمر کے 6 شیرخوار بھی حج بیت اللہ کیلئے روانہ ہوئے۔ تلنگانہ سے 14 ، آندھراپردیش سے 5 اور کرناٹک سے 3 خادم الحجاج عازمین کی خدمت کیلئے روانہ کئے گئے۔ سکریٹری ا قلیتی بہبود نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی کو 17390 درخواستیں داخل کی گئی تھیں جبکہ 2532 کا کوٹہ الاٹ ہوا۔ قرعہ اندازی کے ذریعہ 328 عازمین حج کا انتخاب کیا گیا۔ 70 سال سے عمر کے پہلے زمرہ میں 530 اور مسلسل 4 مرتبہ درخواست داخل کرنے والے دوسرے محفوظ زمرہ میں 1674 عازمین کا انتخاب کیا گیا۔ محرم زمرہ میں 21 ، سرکاری کے کوٹہ کے تحت 11 اور ویٹنگ لسٹ کے تحت 295 عازمین روانہ ہوئے ہیں۔ 253 درخواست گزاروں نے اپنا سفر منسوخ کردیا۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے کیمپ کے کامیاب انعقاد کے لئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی سرپرستی اور خصوصی دلچسپی پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات اور رضاکارانہ تنظیموں سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے کامیاب کیمپ کے انعقاد میں حج کمیٹی سے تعاون کیا۔ ایک سوال کے جواب میں اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد ابتداء میں عازمین حج کو سم کارڈ کے حصول میں بعض دشواریاں پیش آئیں۔ تاہم 80 فیصد عازمین کو سم کارڈ حاصل ہوچکا ہے۔ باقی عازمین اپنے ویزا کی کاپی پیش کرتے ہوئے سم کارڈ حاصل کرلیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ عزیزیہ اور گرین زمرہ کے خادم الحجاج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ عازمین حج سے ملاقات کرتے ہوئے ان کے مسائل کا جائزہ لیں۔ تمام خادم الحجاج حج کمیٹی سے ربط میں ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ روانہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دو عازمین کی طبیعت بگڑنے پر ہاسپٹل میں شریک کیا گیا اور وہ تیزی سے روبہ صحت ہیں۔