نئی دہلی 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام )سفر حج میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مہنگے قیام اور نقل وحمل کی طے شدہ لاگت کوناراضگی کے ساتھ مسترد کر تے ہوئے اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے نئے سرے ٹنڈرر طلب کر کے ہندستانی عازمین کوزبردست راحت پہنچائی ہے ۔ری ٹنڈرنگ کے بعدجو سفر حج کی تاریخ میں پہلی بار ہوئی ہے ، مکہ اور مدینہ منورہ میں قیام اور نقل وحمل میں ہندستانی حاجیوں کی کوئی 28 کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔ ہوائی کرائے میں بھی اس بار حاجیوں کے 57 کروڑ روپے بچ رہے ہیں۔مسٹر نقوی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے آج یہاں بتا یا کہ مدینے میں قیام کے لئے 950 ریال طے کیا گیا تھا وہ ری ٹنڈرنگ کے بعد 900 ریال طے پایا ہے ۔ اسی طرح نقل و حمل کا کرایہ بھی کم کیاگیا ہے ۔ جس سے فی حاجی اخراجات میں مجموعی طور پر 63 ریال کی کمی آئے گی۔وزیر موصوف نے کہا کہ اس طرح انہوں نے ذمہ داری فکس کرنے کی حد تک سخت قدم اٹھاتے ہوئے اخراجات کو مہنگا کرنے کی کوشش ناکام بنادی ۔ ٹرانسپورٹ کے لئے سابقہ موقع پر جہاں 50 ریالل طے تھا اُسے بھی اس مرتبہ 48 ریال مقرر کیا گیا ہے ۔مہنگی لاگت پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مسٹر نقوی نے ہندستانی سفارخانے اور قونصل خانے کوری ٹنڈرنگ کا جو حکم دیا تھا اس پر عمل ہندستانی حاجیوں کے حق میں سود مند ثابت ہوا۔اسی کے ساتھ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حاجیوں کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ دونوں ہی مقامات پر اس مرتبہ صحت کی دیکھ ریکھ کی سہولتوں کا دائرہ بھی بڑھایا گیا ہے ۔اس مرتبہ سفر حج میں 1.75 لاکھ ہندستانی مسلمان سفر حج کریں گے جو آزادی کے بعد سے اب تک کی سب سے ے بڑی تعداد ہے ۔ان عازمیں حج میں قریب 48 فیصد خواتین شامل ہیں جن کی ضرورتوں کی خاص دیکھ ریکھ کیلئے ہر طیارے میں 13 خواتین کا دستہ بھی ساتھ رہے گا۔مسٹر نقوی نے مزید کہا کہ تقریباً بیس برسوں کے بعد ایک بار پھر ہندوستانی عازمین کو بحری راستے سے آئندہ سال 2019 سے سفر حج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس کے لئے گلوبل ٹنڈر سے کام لیا جارہا ہے تاکہ جس قدر ممکن ہو اخراجات میں کمی لائی جا سکے ۔ممبئی سے جدہ کی دوہزار 30تین سوناٹیکل میل کی دوری چارسے پانچ دنوں میں پوری کی جاسکتی ہے ۔