صلاح الدین کے خلاف بھی خصوصی عدالت کے احکامات
نئی دہلی ۔ 2 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی خصوصی عدالت نے پاکستان کی لشکرطیبہ تنظیم کے بانی حافظ سعید اور حزب المجاہدین کے صدر سید صلاح الدین کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری کئے ہیں۔ دہشت گردی کے لئے فنڈز جمع کرنے کی سرگرمیوں میں ان کے ملوث ہونے کی پاداش میں یہ وارنٹ جاری کیا گیا ہے۔ حکام نے کہا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی نے این آئی اے کی خصوصی عدالت سے رجوع ہوکر مذکورہ بالا ملزمین کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی کیونکہ یہ دونوں وادی کشمیر میں بدامنی پھیلانے کیلئے دہشت گردی کی امداد کررہے ہیں اور ہندوستان کے دیگر حصوں میں بھی دہشت گردی پھیلانے کیلئے رقومات فراہم کررہے ہیں۔ یہ دونوں تنظیمیں پاکستان کے دہشت گردوں کو تربیت دیتی ہیں اور انہیں ہندوستان میں ڈھکیلتی ہیں تاکہ کشمیر کے اندر ہندوستان کے خلاف جنگ کرنے والے گروپ پسندوں اور علحدگی پسند قائدین کا ساتھ دے سکیں۔ این آئی اے نے 18 جنوری کو حافظ سعید اور صلاح الدین کے بشمول 12 ملزمین کے خلاف کیس کے سلسلہ میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔