چندی گڑھ : پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے ۱۷؍ سالہ حافظ جنید خان کوہجومی تشدد کر نے کے کلیدی ملزم کو عبوری ضمانت دیدی ۔ واضح رہے کہ جنید خان کی گذشتہ سال بلبھ گڑھ کے پاس ایک ٹرین میں مبینہ طور پر چاقو گھونپ کر قتل کردیا تھا ۔ملزم کے وکیل نے کہا کہ جسٹس رحمت چودھری کی ایک نفری بنچ نے ملزم نریش کمار کو عبوری ضمانت دید ی ہے جو جنید کے قتل کا کلیدی ملزم مانا جاتا ہے۔
وکیل بسوجیت ورک نے کہا کہ ہائی کورٹ نے نریش کمار کو عبوری ضمانت دے دی ہے ۔جسٹس رحمت نے کہا کہ نچلی عدالت میں کیس کی کارروائی پر ہائی کورٹ کی روک کے پیش نظر عدالت نے اسے عبوری ضمانت دیدی ہے ۔ یہ حکم دیا جاتا ہے کہ ہائی کورٹ میں اسپیشل پرمیشن پٹیشن پر حتمی فیصلہ آنے کے بعد تک عبوری ضمانت جاری رہے گی ۔ نریش کمار ۸؍ جولائی ۲۰۱۷ء سے عدالتی حراست میں ہے ۔وہیں جنید کے والد جلال الدین نے سپریم کورٹ میں اسپیشل پرمیشن پٹیشن دائر کی تھی کیونکہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ نے اس معاملہ کی سی بی آئی جانچ کی مانگ والی پٹیشن کو مسترد کردیا تھا ۔
واضح رہے کہ جنید گذشتہ سال رمضان میں عید کے لئے خریداری کر کے ٹرین کے ذریعہ اپنے گھر واپس ہورہا تھا ۔جب ٹرین بلبھ گڑھ کے قریب پہنچی تو جنید خان کو چاقو گھونپ کر قتل کردیاگیاتھا ۔ اور اس کی لاش کو فرید آباد کے گاؤں میں پھینک دیاگیاتھا ۔