جے ڈے قتل کیس : چھوٹا راجن جرم کا مرتکب

ممبئی ۔ 2 مئی ۔ (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کی ایک عدالت نے جرنلسٹ جے ڈے (جیوتیر مئی ڈے ) کے قتل کے مقدمہ میں مجرمین کی ٹولی کے سرغنہ راجندرنکھالجے عرف چھوٹا راجن کو جرم کا مرتکب قررا دیاہے ۔ تاہم ایک سابق جرنلسٹ جگنا وورہ اور ایک اور ملزم کو ثبوت کی عدم دستیابی کے سبب بری کردیا ۔ مکوکا کی خصوصی عدالت کے جج سمیرا آڈکر نے اس مقدمہ میں دیگر آٹھ ملزمین کو بھی جرم کا مرتکب قرار دیا ہے۔ لیکن وورہ اور پالسن جوزف کو ثبوت کی کمی اور استغاثہ کی طرف سے اس ضمن میں شکوک سے بالاتر ٹھوس شہادتوں کی فراہمی میں ناکامی کی بنیاد پر بری کردیا ۔ اس مقدمہ کی استغاثہ نے مجرمین کیلئے زیادہ سے زیادہ سزاء کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈے ایک صحیفہ نگار تھے اور جمہوریت کے چوتھے ستون کی نمائندگی کرتے تھے۔ راجن 29 اکتوبر 2015 ء کو انڈونیشیاء میں گرفتاری اور وہاں سے ملک بدر کئے جانے کے بعد دہلی کی تہاڑ جیل میں قید ہے ۔ سینئر کرائم جرنلسٹ جے ڈے کو 11 جون 2011ء کو نیم مضافاتی علاقہ پوائی میں گولی مارکر ہلاک کردیا گیاتھا۔ سی بی آئی نے اپنی ضمنی چارج شیٹ میں کہا تھا کہ چھوٹا راجن اپنے بارے میں ڈے کی طرف سے لکھے گئے بعض مضامین پر برہم تھا اور ایک وجہ یہ بھی تھی کہ جے ڈے نے راجن کو ’’چندی‘‘ (معمولی) مجرم کے طورپر پیش کیا تھا ۔ راجن کے خلاف مختلف جرائم کے ضمن میں 70 مقدمات ہیں جو تمام 2015 ء میں سی بی آئی کے سپرد کئے جاچکے ہیں۔