این سائی بالاجی صدر منتخب ۔ اعجاز جنرل سکریٹری ۔ اے بی وی پی کو کراری شکست کا سامنا
نئی دہلی 16 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین ( جے این یو ایس یو ) انتخابات میں بائیں بازو کے اتحاد نے ٹاپ 5 کے منجملہ چار عہدوں پر اپنا قبضہ برقرار رکھا ہے ۔ صدارتی عہدہ کیلئے بائیں بازو اتحاد کے این سائی بالاجی کے حق میں 2,161 ووٹ ڈالے گئے جبکہ ان کے قریبی حریف اے بی وی پی کے للت پانڈے کے حق میں صرف 982 ووٹ ڈالے گئے ۔ بائیں بازو اتحاد کی امیدوار ساریکا نے 2,692 ووٹ حاصل کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جبکہ اے بی وی پی کی گیتا سری کے حق میں صرف 1,012 ووٹ ڈالے گئے ۔ جنرل سکریٹری عہدہ کیلئے بائیں بازو اتحاد کے اعجاز کو کامیابی حاصل ہوئی جنہوں نے 2,423 ووٹ حاصل کئے جبکہ اس عہدہ کیلئے اے بی وی پی کے گنیش کو صرف 1,123 ووٹ حاصل ہوئے ۔ جوائنٹ سکریٹری عہدہ کیلئے اے بی وی کے وینکٹ چوبے کے خلاف بائیں بازو اتحاد کی اموتا نے کامیابی حاصل کی ۔ اموتا کو 2,047 ووٹ حاصل ہوئے جبکہ وینکٹ چوبے کو 1,247 ووٹ ہی مل سکے ۔ بائیں بازو اتحاد میں آل انڈیا اسٹوڈنٹس اسوسی ایشن ‘ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا ‘ ڈیموکریٹک اسٹوڈنٹس فیڈریشن اور آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن جیسی تنظیمیں شامل تھیں۔ ان انتخابات میں اے بی وی پی ( ملحقہ آر ایس ایس ) کے علاوہ این ایس یو آئی اور بی اے پی ایس آئی کے امیدواروں نے بھی حصہ لیا تھا ۔ جے این یو طلبا تنظیم کے انتخابات میں تمام جماعتوں کی تنظیموں نے سحت مقابلہ کیا اور یہاں رائے دہی کا تناسب 67.8 فیصد درج ہوا تھا ۔ گذشتہ چھ سال میں رائے دہی کا یہ سب سے زیادہ تناسب تھا ۔