جی ڈی پی اعداد و شمار سے مرکزی حکومت کے جھوٹ بے نقاب

راہول گاندھی کا ٹوئٹر پیغام، چدمبرم اور آنند شرما کی حکومت پر تنقید
نئی دہلی ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہاکہ جی ڈی پی کے تازہ ترین اعداد و شمار سے بی جے پی زیرقیادت مرکز کی این ڈی اے حکومت کے ’’جھوٹ‘‘ بے نقاب ہوگئے ہیں۔ جس نے کوشش کی تھی کہ اپنی ناکامیوں کی طرف سے عوام کی توجہ ہٹائی جائے اور اِس سوال کا جواب دیا جائے کہ ہندوستانی معیشت کو ’’خطرناک انحطاط‘‘ کا کیوں سامنا ہے۔ نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیاکہ جی ڈی پی کا انحطاط، بڑھتی ہوئی بے روزگاری، پیداواری شعبے کے دیگر تمام مسائل خاص طور پر بنیادی ناکامیوں کی جانب سے توجہ ہٹانے کے لئے مرکزی حکومت نے جھوٹ بولے ہیں۔ راہول گاندھی نے ٹوئٹر پر اپنا یہ بیان شائع کیا۔ سابق مرکزی وزیر فینانس پی چدمبرم نوٹوں کی تنسیخ پر تنقید کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ اِس کے نتیجہ میں جی ڈی پی میں انحطاط آئے گا اور آج اُن کی بات درست اور حکومت کی بات غلط ثابت ہوچکی ہے کیوں کہ اُنھوں نے انتباہ دیا تھا کہ اگر اصلاحی اقدامات نہ کئے گئے تو معیشت مزید انحطاط کا شکار ہوجائے گی۔ جولائی 2016 ء میں معیشت کا انحطاط شروع ہوگیا اور ووٹوں کی تنسیخ نے اِسے ابتر کردیا۔ چدمبرم نے کہاکہ ہم نے اِس کی پیش قیاسی کی تھی۔ معیشت پر سب سے کاری ضرب پڑی ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ کانگریس جو کچھ کہہ رہی تھی سچ ثابت ہوچکا ہے۔ 2016 ء کے وسط سے معیشت کا انحطاط شروع ہوا اور اصلاحی اقدامات کے بجائے حکومت ’’غیرمعمولی حماقت کے اقدام‘‘ کے ساتھ سامنے آئی اور اُس نے نوٹوں کی تنسیخ کا اعلان کردیا جس کی وجہ سے معیشت مزید انحطاط کا شکار ہوگئی۔کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے حکومت کو چیلنج کیاکہ ہندوستانی معیشت کی صورتحال اور جی ڈی پی کے گزشتہ دس سال کے اعداد و شمار پیش کئے جائیں تاکہ حکومت کے جھوٹے دعوؤں کی قلعی کھل جائے۔ معیشت کے تازہ ترین اعداد و شمار سے بی جے پی حکومت کے جھوٹ پہلے ہی بے نقاب ہوچکے ہیں۔ سب سے پہلے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور جی ڈی پی کا فروغ ناکام ہوچکا ہے۔ آنند شرما نے کہاکہ جی ڈی پی کے اعداد و شمار سے ہمارے بدترین اندیشوں کی توثیق ہوتی ہے حالانکہ حکومت نے ہندوستانی معیشت کے بہتر ہونے کے بلند آہنگ دعوے کئے تھے۔