جی ایچ ایم سی انتخابی مہم کا اختتام

کل رائے دہی ۔ 5 فبروری کو نتائج ۔مخصوص حلقے مرکز توجہ
حیدرآباد 31 جنوری ( این ایس ایس ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن انتخابات کیلئے دو ہفتوں سے جاری انتخابی مہم کا آج شام پانچ بجے اختتام عمل میں آگیا ۔ تاہم چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے چیف منسٹر اے پی این چندرا بابو نائیڈو کی شریک حیات بھونیشوری کی جانب سے ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ دئے جانے کے ریمارک سے سیاسی گرمی میں شدت پیدا ہوگئی تھی ۔ تلگودیشم سربراہ چندرا بابو نائیڈو نے ایک ویڈیو کانفرنس میں تلگودیشم کے تلنگانہ قائدین کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ کے سی آر نے پہلے انہیں ( نائیڈو کو ) تنقید کا نشانہ بنایا اور اب وہ ان کی شریک حیات کے تعلق سے بات کر رہے ہیں۔ جہاں عہدیداروں کی جانب سے انتخابات کی تیاریوں کا سلسلہ چل رہا ہے وہیں سیاسی جماعتیں اور قائدین اب پولنگ کی حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہوگئے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے مہم کے دوران اپنے مقامی قائدین کو اور کارکنوں کو عوام سے رجوع کرنے ہر ممکن کوشش کی اور رائے دہندوں کو رجھانے کے مختلف طریقے اختیار کئے گئے ۔ ٹی آر ایس ‘ تلگودیشم اور بی جے پی کے علاوہ کانگریس ‘ مجلس و دوسری جماعتوں نے رائے دہندوں کو رجھانے کی ہر ممکن کوشش کی ۔ انتخابات 2 فبروری کو ہونگے ۔ صبح 7 بجے سے شام 5 بجے تک رائے دہی ہوگی ۔ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان 5 فبروری جمعہ کو ہوگا ۔ 150 نشستوں کیئے 1333 امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات میں مخصوص حلقوں پر ساری توجہ مرکوز ہے ۔ ان میں اکبر باغ ‘ اعظم پورہ ‘ للیتا باغ ‘ گھانسی بازار ‘ پرانا پل ‘ مہدی پٹنم ‘ شامل ہیں۔ یہاں سے امجد اللہ خاں خالد ‘ اسما خاتون ‘ محمد عرفان ‘ محمد غوث ‘ پروین سلطانہ ‘ ماجد حسین مقابلہ میں ہیں۔