لاہور : پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پارٹی کے سربراہ نواز شریف اور ان کی دختر مریم نواز او ران کے داماد محمد صفدر اسلام آباد ہائی کورٹ نے ان کے رہائی کا حکم دینے کے بعد اپنی رہائش گاہ واقع لاہور لوٹ آئے ۔ لاہور لوٹنے پر ان کا پارٹی کارکنوں کی جانب سے زبر دست خیر مقدم کیاگیا ۔واضح رہے کہ نواز شریف ان کی بیٹی او رداماد کو بدعنوانیوں کے الزام میں جیل میں بند کردیاگیا تھا ۔
لاہور میں واقع ان کی رہائش گاہ ’’عمرہ ریسیڈینسی ‘‘ میں آمد پر پارٹی کارکن ’’ دیکھو دیکھو کون آیا ، شیر آیا شیر آیا ‘‘ نعرے بلند کررہے تھے ۔اور ان پر پھول نچھاور کررہے تھے ۔کچھ کارکن ان کی کار کو یہ کہتے ہوئے چوم رہے تھے کہ ’’ آپ بے قصور ہیں ، ہم آپ سے محبت کرتے ہیں ۔‘‘ بڑی تعداد میں (ن) لیگ کے کارکن ان کے مکان پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کررہے تھے ۔ (ن) لیگ کے ایک رکن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جیسے ہی میں نے سنا کہ میرا لیڈر جیل سے رہا ہو گیا ہے تو مجھے بہت خوشی محسوس ہوئی او رمیں یہاں ان کا خیر مقدم کرنے چلا آیا ۔‘‘ پارٹی کارکنوں کو آپس میں میٹھائیاں تقسیم کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ۔
پارٹی کے ایک اور رکن نے بتایا کہ ہم اسی طرح سے آئندہ کچھ دنوں تک ہمارے قائد کی رہائی کا جشن مناتے رہیں گے۔
اسی دوران نوازشریف کے بھائی شہباز شریف نے میڈیا کوبتایا کہ ہم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حق و باطل میں ہمیشہ جیت حق کی ہوتی ہے ۔ آج حق کی جیت ہوئی ہے ۔ اور میرا بھائی بے قصور ثابت ہوا ہے ۔