میامی۔ 4 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر براک اوباما نے ڈیموکریٹک پارٹی کے اراکین کو خبردار کیا ہے کہ 8 نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں ممکنہ ری پبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کو شکست دینے کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے .ڈیموکریٹک نیشنل کمیٹی کے لئے ایک فنڈ ریزرپروگرام میں مسٹر اوباما نے کہا، ’’اگر ہم ان انتخابات میں سخت محنت نہیں کرتے ہیں اور انتخابی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لیتے ہیں تو کچھ عجیب چیزیں پیش آ سکتی ہیں۔ ہمیں جیت کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے‘‘۔ امریکی صدر نے سان جوس، کیلی فورنیا میں ایک ریلی میں جمعرات کو ممکنہ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ کے حامیوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تشدد جیسے واقعات سے بچنا چاہیے۔انہوں نے کہا، ’’ملک میں تشدد کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے . چیخ و پکار کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ایسی سیاست کے لئے کوئی جگہ نہیں ہے جہاں دوسرے فریق کو سنا نہ جائے خواہ آپ مکمل طورپر اس فریق سے اتفاق نہ کرتے ہوں‘‘۔