۔24 گھنٹے برقی سربراہی پر ادعا کی تردید، قائد اپوزیشن کے جاناریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 8 ستمبر (سیاست نیوز) سابق قائد اپوزیشن کے جاناریڈی نے 24 گھنٹے برقی سربراہ کرنے پر ٹی آر ایس کا گلابی کھنڈوا پہن لینے کا دعویٰ کرنے کی تردید کی۔ اسمبلی کا ویڈیو پیش کرنے پر سیاسی سنیاس لینے کا کے سی آر کو چیلنج کیا بصورت دیگر معذرت خواہی کرنے کا ان سے مطالبہ کیا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جاناریڈی نے کہا کہ کل حسن آباد کے جلسہ میں ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر نے جھوٹ کا سہارا لیا ہے۔ ان کی (جاناریڈی) کی جانب سے 24 گھنٹے برقی کی سربراہی کو ناممکن قرار دیا تھا ۔ سربراہ کرنے کی صورت میں ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا جو حوالہ دیا ہے وہ جھوٹ پر مبنی ہے۔ وہ اس کی تردید کرتے ہیں اگر کے سی آر کے پاس اسمبلی کا ویڈیو فوٹیج ہوتو وہ منظرعام پر لائیں اگر انہوں نے واقعی ایسا کہا ہے تو سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلیں گے ورنہ جھوٹ بولنے کا اعتراف کرکے کے سی آر ان سے اور عوام سے معذرت خواہی کریں۔ 2018ء تک ریاست میں 24 ہزار 570 میگاواٹ برقی حکومت کی جانب سے تیار کی گئی تو وہ اس کو بہت بڑا کارنامہ قرار دے چکے ہیں۔ اتنی مقدار میں برقی تیاری میں ٹی آر ایس حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست میں اب جو بھی برقی ہے وہ کے سی آر کا کارنامہ نہیں ہے۔ اسمبلی میں کے سی آر کی جانب سے کی گئی تقریر کی ویڈیو کو جاناریڈی نے میڈیا کے سامنے پیش کیا۔ ڈبل بیڈروم مکانات تعمیر نہ کرنے پر دوبارہ ووٹ نہ مانگنے کا وعدہ کرنے والے کے سی آر اب کیا صورت لے کر عوام سے ووٹ مانگنے جائیں گے۔ جاناریڈی نے کہاکہ جھوٹ بولنا کے سی آر کی فطرت میں شامل ہے۔ سابق قائد مقننہ نے کہا کہ قائد کو اپنے طرزعمل سے سماج میں اونچا مقام حاصل کرنا چاہئے مگر جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے کے سی آر سیاسی اقدار کو پامال کررہے ہیں۔ جاناریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے ایک کروڑ ایکر اراضی کو دو کاشت کیلئے پانی سربراہ کرنے کا اعلان کیا تھا تب انہوں نے کہا تھا کہ ایسا ممکن ہوگیا تو وہ ٹی آر ایس کیلئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ اس وعدہ پر وہ آج بھی قائم ہیں ایک کروڑ ایکر اراضی کو دو کاشت کیلئے پانی کہاں سربراہ کیا جارہا ہے کے سی آر اس کی وضاحت کریں۔ اندرون 24 گھنٹے کے سی آر اس کا ثبوت پیش کریں یا معذرت خواہی کریں۔ ابھی بھی اسمبلی کے ریکارڈس کے سی آر کے ہاتھ میں ہیں جھوٹ بولنے سے گریز کرتے ہوئے بطور ثبوت کے سی آر ویڈیوز پیش کریں۔ جاناریڈی نے کہا کہ ان کا شمار صبح میں ایک اور شام میں دوسری باتیں کرنے والے قائدین میں نہیں ہوتا۔