گڈا ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) جھارکھنڈ کے علاقہ راج محل میں واقع ایسٹرن کول فیلڈ لمیٹیڈ کی لال مٹیا کوئلہ کان اچانک منہدم ہوجانے کے نتیجہ میں کم سے کم 10 کانکن ہلاک ہوگئے اور چند دیگر کے اس کان میں پھنس جانے کا اندیشہ ہے۔ وزارت کوئلہ کے ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ ’’سی ایم ڈی، ای سی ایل نے اطلاع دی ہیکہ حادثہ کے مقام سے تاحال 9 کانکنوں کی نعشیں نکالی جاچکی ہیں اور دو زخمیوں کا علاج کیا جارہا ہے۔ کول انڈیا کے معاون ادارہ ایسٹرن کول فیلڈس لمیٹیڈ کے بہ اعتبار عہدہ چیرمین و منیجنگ ڈائرکٹر آر آر مشرا نے کہا کہ یہ المناک حادثہ کل شام 7:30 بجے پیش آیا وہاں کام جاری تھا۔ حادثہ کے فوری بعد امدادی کام شروع کردیئے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ اس مقام پر مصروف 10 ایکسکیویٹرس اور دیگر آلات نکال لئے گئے ہیں۔ مشرا نے کہا کہ ڈائرکٹر جنرل مائنس سیفٹی اور دیگر سینئر عہدیداروں نے راحت کاری اقدامات کی نگرانی کی۔ حادثہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے کول انڈیا لمیٹیڈ نے ماہرین کی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی، وزیرکوئلہ پیوش گوئل، جھارکھنڈ کے چیف منسٹر رگھوبرداس اور دیگر قائدین نے اس حادثہ میں انسانی جانوں کے اتلاف پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مہلوکین کے خاندانوں کو فی کس 2 لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ ای سی ایل نے بھی ان خاندانوں کو فی کس پانچ لاکھ روپئے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔