نکسلائٹ سرگرمیوں پر قابو پانے سے سیاحت کو جہت : ریاستی حکومت
رانچی ، 24 مارچ (محمد نعیم وجاہت) ریاستی وزیر سیاحت آمرکمار بوری نے کہا کہ جھارکھنڈ ٹراویل مارٹ کی کامیابی سے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے نئی امید جاگی ہے۔ حکومت نے نکسلائٹ سرگرمیوں پر مکمل طریقے سے کامیابی حاصل کرلی ہے جس سے جھارکھنڈ کے 450 سیاحتی مقامات تک آسانی سے پہنچا جاسکتا ہے۔ میگا اسپورٹس کامپلکس کھیل گاؤں رانچی میں منعقدہ سہ روزہ جھارکھنڈ ٹراویل مارٹ آج دوسرے دن کی تقریب سے خطاب میں ریاستی وزیر سیاحت نے کہا کہ ریاست جھارکھنڈ کی تشکیل کے 18 سال مکمل ہوگئے ہیں۔ جھارکھنڈ قدرتی وسائل سے مالامال ہے اور سارے ملک میں سب سے زیادہ 32 مختلف قبائل یہیں رہتے اور بستے ہیں۔ ساری ریاست میں 450 ایسے سیاحتی مقامات ہیں جن سے سیاح لطف اندوز ہوئے بغیر نہیں رہ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ جھارکھنڈ میں ایسے 11 عجوبے ہیں جنھیں ہر کوئی پسند کرے گا۔ جھارکھنڈ میں نکسلائٹس کی سرگرمیوں پر حکومت نے مکمل کنٹرول حاصل کرلیا جس کے نتیجے میں ضرور سیاحت کو جہت ملے گی۔ اس موقع پر مختلف کلچرل پروگرامس اور فیشن شو وغیرہ کا اہتمام کیا گیا۔