کے سی آر اور کے ٹی آر کے رشتہ داروں نے مجھے دعوت دی ہے ۔ رکن اسمبلی کا دعویٰ
حیدرآباد۔ 9 مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے آخرکار ٹی آر ایس میں شمولیت کا واضح طور پر اشارہ دیا ہے۔ میڈیا سے غیررسمی بات چیت میں جگا ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کے رشتہ داروں نے انہیں ٹی آر ایس میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔ 25 تا 30 مئی کے درمیان یہ واضح ہوجائے گا کہ میں گاندھی بھون میں رہوں گا یا پھر ٹی آر ایس بھون میں۔ اس کا فیصلہ آنے والے وقت کرے گا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مرکز میں یو پی اے برسراقتدار آنے پر تلنگانہ میں کانگریس کا مستقبل محفوظ رہے گا، ورنہ اس کیلئے خطرہ بدستور قائم رہے گا۔ جگا ریڈی نے کہا کہ مرکز میں یو پی اے حکومت کانگریس کو تلنگانہ میں محفوظ زون میں رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ 25 تا 30 مئی کے درمیان اگر کے سی آر کے رشتہ دار ملاقات کریں گے تو اپنا فیصلہ سناوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس شمولیت کیلئے ان کی جانب سے کوشش کرنے کی اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ جگاریڈی نے کہا کہ وہ اپنی طاقت اور صلاحیت سے ابھرے ہیں۔ وہ کسی پارٹی بیانر کے تحت عوامی قائد نہیں ہے۔ میں جس پارٹی میں رہوں، پارٹی کی بات کسی حد تک سنتا ہوں اور باقی میرا اپنا فیصلہ ہوتا ہے۔ کانگریس میں بھی ہائی کمان کی بات ایک حد تک سنوں گا، باقی میرا فیصلہ ہوگا۔ آندھرا پردیش کی تقسیم اور 2 ریاستوں کے قیام سے کانگریس کو نقصان ہوا۔ تلنگانہ عوام کو کیا فائدہ ہوا، مجھے پتہ نہیں ہے۔