سبب نامعلوم : چیف فائر آفیسر
ممبئی ۔ 7 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) نیم مضافاتی جوہو میں ایک زیرتعمیر عمارت میں آگ بھڑک اٹھی جس سے 6 افراد جل کر خاکستر ہوگئے اور 11 دیگر کو زخم آئے، ایک عہدیدار نے آج یہ بات بتائی۔ مہلوکین و متاثرین کنسٹرکشن ورکرس بتائے گئے جو حادثہ کے وقت وہیں مووجد تھے۔ چیف فائر آفیسر پربھات راہنگ دالے نے کہا کہ عمارت کی نچلی منزل پر کل رات 10:30 بجے آگ بھڑک اٹھی۔ فائر بریگیڈ والوں نے جلد ہی وہاں پہنچ کر شعلوں کو بجھا دیا۔ تاہم یہ آگ وہاں رکھے ایل پی جی سلینڈروں میں دھماکے کا موجب بن گئی جس کے سبب بلڈنگ میں موجود لوگوں کو زخم آئے۔ جس وقت حادثہ پیش آیا، عمارت میں بنائی گئی عارضی قیامگاہ میں لگ بھگ 17 افراد مقیم تھے۔ بعض مقامی لوگوں نے وہاں سے 10 افراد کو بچا لیا اور اس کے بعد فائر بریگیڈ والے پہنچے۔ بعدازاں فائر بریگیڈ ٹیم نے مزید 7 افراد کو باہر نکالا اور تمام متاثرین کو ہاسپٹل پہنچایا۔ چیف فائر آفیسر پربھات نے بتایا کہ 6 افراد ہاسپٹل میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکے اور ان کے شناخت ابھی کیا جانا باقی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دیگر زخمی لوگوں کا دواخانہ میں علاج چل رہا ہے۔ جہاں تک آتشزدگی کے سبب کا معاملہ ہے فائر بریگیڈعملہ یا دیگر حکام ابھی اس تعلق سے یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتے اور آتشزدگی کا قطعی سبب معلوم کیا جانا ہے۔