جونپور میں ممنوعہ جانور کی کھال برآمدہونے سے ماحول کشیدہ، مسلمان خوف زدہ

جونپور : کھٹہن تھا نہ حلقہ کے اشرف پور گاؤں میں گذشتہ دنوں ایک کھیت سے ممنوعہ جانور کی کھال او ر سر بر آمد ہونے کے بعد سابق پردھان کی شکایت کے بعد گاؤں کے ۶؍ افراد پر معاملہ درج کرکے پولیس نے ۲؍ افراد کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا ہے ۔

اس علاقہ میں کشیدگی پائی جارہی ہے اور مسلمان گاؤں چھوڑ جانے پر مجبورہو گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ۲؍ جولائی کا گاؤں کی آبادی سے ۴۰۰؍کیلو میٹر دور ممنوعہ جانور کی کھا ل او رسر برآمد ہونے پر ہندوتوا تنظیموں نے موقع پر پہنچ کر گاؤں کے قریش برادری کے چند مسلمانو ں پر شبہ ظاہر کیا اورگاؤں کے سابق پردھان کی قیادت میں ان کے خلاف پولیس نے ۶؍افراد کے خلاف معاملہ درج کرکے ۲؍ حراست میں لے کر جیل بھیج دیا ہے اس کے بعد ہندوتوا تنظیموں کا گاؤں کادورہ جاری ہے جس سے مقامی مسلمانوں میں خوف کا ماحول پیداہوگیا ہے۔

اس سلسلہ میں گاؤں کے چند مسلمانوں نے کہا کہ ہندو تواتنظیموں نے گاؤں پہنچ کر دھاوا بول دیاتھا اور مسلمانوں کے گھروں کو شدید نقصان پہنچایا ۔اس خوف کے عالم کی وجہ سے مسلمان گاؤں چھوڑ کر جانے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔اوران کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے ان کی کوئی مدد نہیں ہورہی ہے ۔اور الٹا پولیس ہندوتواتنظیموں کا ساتھ دے رہی ہے ۔