ہزاروں غریب خاندانوں میں جناب عامر علی خاں کے ہاتھوں غذائی اشیاء ، منرل واٹر ، دودھ پاوڈر وغیرہ کی تقسیم ، چار گھنٹوں تک دورہ
حیدرآباد ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : شہر میں بارش سے شدید متاثر علاقہ حلقہ جات اسمبلی کوکٹ پلی اور جوبلی ہلز سے ملحقہ گنجان مسلم آبادی والے علاقوں اللہ پور ، سلطان نگر اور بورا بنڈہ میں ادارہ سیاست کی ٹیم نے امداد تقسیم کی ۔ روزنامہ سیاست اور فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے پریشان حال عوام میں راحت کاری غذائی اجناس کے کٹس تقسیم کیے گئے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی ہدایت پر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کی نگرانی میں امداد تقسیم کی گئی اور بورا بنڈہ علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی اور انہیں سیاست کی جانب سے بھرپور مدد کا تیقن دیا ۔ تقریبا 1100 سے زائد بارش سے متاثرہ خاندانوں میں دودھ پاوڈر ، منرل واٹر ، بریڈ ، موز ، بیکری اشیاء ، بن و شیرمال کے علاوہ بچوں کے لیے بسکٹ اور چاکلیٹ پر مشتمل غذائی اجناس کے کٹس تقسیم کیے گئے اور آج ان علاقوں میں خصوصی طعام کا اہتمام بھی کیا جائے گا ۔ جناب زاہد علی نے امداد کی روانگی سے قبل انتظامات کا جائزہ لیا اور ہلکی بارش کے دوران سامان کو بورا بنڈہ منتقلی تک دفتر سیاست کے احاطہ میں ٹھہرے رہے اور انہوں نے جناب عامر علی خاں کو ہدایت دیتے ہوئے روانہ کیا کہ وہ متاثرین سے ملاقات کریں اور انہیں بھروسہ دلائیں کہ ادارہ سیاست ان کے ساتھ ہے ۔ موسلادھار بارش سے پریشان علاقوں صفدر نگر ، اور راجیو گاندھی نگر فیس I اور II کے 1150 خاندانوں میں سیاست ریلیف تقسیم کی گئی ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر کی ان علاقوں میں آمد کے ساتھ ہی پریشان حال عوام اپنے مسائل پیش کرنے امڈ پڑے اور اپنے مسائل و پریشانیوں کو سنانے لگے ۔ عوامی بے چینی اور تکالیف کو دیکھ کر جناب عامر علی خاں نے صفدر نگر و دیگر علاقوں کے ہر غریب مکان تک رسائی کی اور تقریبا 4 گھنٹے اس علاقہ میں پریشان حال عوام کے ساتھ گذارے اور مصیبت زدہ عوام کو بھروسہ دلایا کہ سیاست ان کے ساتھ ہے اور ان کی ہر طرح سے ممکنہ مدد کی جائے گی ۔ جناب عامر علی خاں نے کہا کہ غریب و پریشان حال عوام کے حق میں اپنی آواز کو بلند کرتے ہوئے سیاست اخبار، حکومت پر دباؤ ڈالے گا ۔ انہوں نے ان علاقوں کی عوام نوجوانوں ، خواتین کے لیے سیاست کی جانب سے مواقع فراہم کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ مکمل پردہ کا اہتمام کرتے ہوئے خواتین خود روزگار کے مواقع حاصل کرسکتی ہیں اور نوجوان نسل کے روشن مستقبل کے لیے سیاست ان کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں مدد کرے گا ۔ مقامی عوام نے راشن ، کپڑوں ، صحت و صفائی اور ادویات کے متعلق اپنے مسائل پیش کیے اور جناب عامر علی خاں کی آمد پر مسرت کا اظہار کیا اور انہیں بتایا کہ پانی سے ان کے مکانوں کا برا حال ہے اور ان کی فریاد سننے والا کوئی نہیں ۔ علاقوں سے برساتی پانی کے نکاسی کا کوئی انتظام نہیں اور عوام میں اب وبائی امراض کا خوف پیدا ہوگیا ہے ۔ ان علاقوں میں آس پاس کے دولت مند پاش علاقوں سے پانی کا بہاؤ ہورہا ہے تاہم اس کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں ہے ۔ جب کہ نالوں اور برساتی نالوں پر ناجائز قبضوں کے سبب غریب عوام ہی کو مشکلات ہیں ۔ جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر نے کہا کہ آئندہ دو دن ان علاقوں میں ایک وقت کے کھانے اور صاف پینے کے پانی کے علاوہ کمسن بچوں کے لیے منرل واٹر ، فی مکان 2 لیٹر دودھ ، چاکلیٹ ، بسکٹ اور دیگر اشیاء فراہم کی جائے گی ۔ قبل ازیں اللہ پور کارپوریٹر محترمہ صبیحہ بیگم اور صدر میناریٹی سیل ضلع رنگاریڈی ٹی آر ایس محمد غوث الدین نے متاثرہ عوام میں ( پل ہرا ) کھانے کے پیاکٹس تقسیم کئیے ۔ اس موقع پر جناب عثمان بن محمد الہاجری ، تلنگانہ مسلم ایڈوکیٹس فورم کے صدر جناب وحید الدین ، محمد اسماعیل ، محمد دستگیر ، محمد حمید ، محمد سلیم ، محمد امجد ، محمد سلطان موجود تھے ۔۔