ملک میں چار ماہ طویل موسم برسات کا معمول سے تین دن قبل آغاز ، معمول کے مطابق بارش کی توقع
نئی دہلی۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جنوب مغربی مانسون اپنی مقررہ تاریخ سے تین دن قبل آج کیرالا کے ساحل سے ٹکرا گیا۔ اس جنوبی ریاست میں مانسون کی آمد دراصل اس ملک میں چار ماہ طویل موسم برسات کے آغاز کا پیش خیمہ ہے۔ یکم جون ملک میں مانسون کے آغاز کی باضابطہ سرکاری تاریخ ہوتی ہے جس کے بعد ملک کے مختلف مقامات تک مانسون کے پہونچنے کے لئے دیڑھ ماہ کا وقت لگتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں سال ملک میں معمول کے مطابق بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ موسمی پیش قیاسی کرنے والے ایک خانگی ادارہ اسکائی میٹ نے جو مہارت و مسابقت کے اعتبار سے محکمہ موسمیات کا حریف ہے، کہا تھا کہ مانسون مانسون گزشتہ روز ہی کیرالا کے ساحل ٹکرایا۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ منی کوڑے، آمینی، تھرواننتاپورم، پتالور، کوتم، الا پوزہا، کوٹئم کوچی، تھریسور، کوزی کوڈ، تھلاسیس، کنور، کگڈولو اور منگلور جیسے دستیاب 14 اسٹیشنوں کے منجملہ 60% میں بھی 10 مئی کے بعد لگاتار 2.5 ملی میٹر یا اس سے زائد بارش ریکارڈ کی جاتی ہے تو اس کے دوسرے دن کیرالا میں مانسون کی آمد کا اعلان کیا جاتا ہے جو ملک میں مانسون کی آمد کا اعلان کرنے کے پیمانوں میں ایک اہم پیمانہ تصور کیا جاتا ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مرتینجئے مویا پاترہ نے کہا کہ تمام ضروری پیمانوں کی تکمیل کے بعد ہی کیرالا میں مانسون کی آمد کا اعلان کیا گیا ہے۔