جنوبی کوریا کے اسپتال میں آتشزدگی، 41ہلاکتیں

سیول ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) جنوبی کوریا کے شہر مریانگ میں حکام کا کہنا ہے کہ ایک اسپتال میں آتشزدگی کے بعد مرنے والوں کی تعداد 41ہو گئی ہے۔مریانگ جنوبی کوریا کے جنوب مشرق میں واقع ہے۔مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ فائر فائٹرز کے مطابق امراض قلب کے سیجونگ اسپتال میں آگ ایمرجنسی روم سے شروع ہوئی جہاں پر زیادہ تر عمر رسیدہ افراد کی دیکھ بھال کی جاتی ہے۔اطلاعات کے مطابق اسپتال کی عمارت میں 200 مریض موجود ہیں۔جنوبی کوریا کی حالیہ تاریخ کے اس بدترین آتشزدگی میں درجنوں لوگ زخمی ہوئے ہیں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔جس وقت آگ لگی اسپتال کے اندر اور اس کے ساتھ موجود نرسنگ ہوم میں متعدد مریض اور لوگ موجود تھیآگ کنٹرول کرنے والے شعبے کے سربراہ چوئی من کا کہنا ہے کہ آگے کیسے لگی ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔