حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگسٹ ( پریس نوٹ ) انجمن محبان اردو تلنگانہ کے زیراہتمام حیدرآباد اور سدی پیٹ میں کل ہند مشاعرے منعقد ہونگے جس میں ملک کے انتہائی مقبول اور خودگو شعراء کو مدعو کیا جائیگا اس کے علاوہ ریاستی وزراء ، اسپیکر قانون ساز کونسل کو بحیثیت مہمان شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ انجمن کے اجلاس میں خلیق الرحمن کو صدرنشین مشاورتی کمیٹی منتخب کیا گیا ہے اور دونوں مشاعروں کی نگرانی سید مسکین احمد بانی انجمن کرینگے ۔ انجمن اپنی دیرینہ ادبی سرگرمیوں سے ملک گیر شہرت حاصل کی ہے جہاں صاف ستھرے ماحول میں معیاری مشاعروں کا انعقاد عمل میں آتاہے اور ان مشاعروں میں شرکت کو خود شعرا بھی اعزاز سمجھتے ہیں ۔ جہاں کثیر تعداد میں پرستاران شعر و سخن معہ احباب شرکت کرتے ہیں اور انجمن کے مشاعروں کا بے چینی سے انتظار کیا جاتاہے اور انجمن بھی اپنے محدود ذرائع کے باوجود باذوق سامعین کیلئے کوئی داخلہ فیس نہیں رکھی جاتی ۔ انجمن کی نمائندگی پر ہی کے سی آر بحیثیت رکن اسمبلی سدی پیٹ میں ’’ اقبال مینار ‘‘ تعمیر کروایا جس کا افتتاح جناب عابد علی خاں صاحب مرحوم کے ہاتھوں عمل میں آیا تھا جو ریاست کا دوسرا اقبال مینار ہے ۔ شہر سدی پیٹ کو بھی انجمن نے ادبی مرکز بنادیا ہے اور سدی پیٹ کے مشاعرہ میں گورنر کمودبین جوشی ، جناب سید مکثر شاہ مرحوم کے ساتھ شرکت کی تھی جس میں سارا شہر سدی پیٹ اُمڈپڑا تھا موجودہ چیف منسٹر بھی انجمن کے بیشتر مشاعروں میں شرکت کرچکے ہیں ۔ جناب مسکین احمد کے بموجب تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ مختلف ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں ۔ دو مشاعروں کی تاریخ اور مقام کا جلد اعلان کیا جائیگا ۔