فوجی جوان اورنگ زیب کی ہلاکت میں ملوث ، گروپ کے انتہا پسند بھی مہلوکین میں شامل
سرینگر۔ 18 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے اضلاع پلوامہ اور بارہمولہ میں پیش آئے اورنگ زیب انکاؤنٹرس میں سکیورٹی فورسیس نے چار عسکریت پسندوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا جو گزشتہ سال ایک فوجی جوان اورنگ زیب کی ہلاکت میں ملوث انتہا پسند گروپ کا ایک حصہ تھے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ حزب المجاہدین کے تین عسکریت پسندوں کو سکیورٹی فورسیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں طلوع سے قبل کی گئی ایک کارروائی میں گولی مارکر ہلاک کردیا۔ بارہمولہ کے سوپور ٹاؤٔ میں ایک اور عسکریت پسند کو گولی مارکر ہلاک کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں اونتی پورہ، پنجگام علاقہ میں ہفتہ کی اولین ساعتوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسیس نے ناکہ بندی کے بعد تلاشی مہم شروع کی تھی۔ اس مہم کے دوران وہاں روپوش عسکریت پسندوں نے تلاشی مہم میں مصروف فورسیس پر فائرنگ کردی جس کے جواب میں انکاؤنٹر شروع ہوگیا جس میں تین عسکریت پسند مارے گئے، جن کی شناخت پنجگام کے شوکت ڈار، وڈورہ پائن کے عرفان اور پلوامہ کے مظفر شیخ کی حیثیت سے شناخت کی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ’’تمام تین مہلوک دہشت گرد پولیس ریکارڈ کے مطابق ایک ممنوعہ دہشت گرد تنظیم ایچ ایم سے وابستہ تھے۔ سکیورٹی اداروں پر حملوں عوام پر مظالم اور دہشت گردی سے متعلق جرائم کے ضمن میں قانون کو مطلوب تھے۔ ان کے خلاف دہشت گردی کے جرائم کے ضمن میں کئی مقدمات بھی درج کئے گئے تھے۔