مرنے والوں کی تعداد 20 ہوگئی، قومی شاہراہ پر ٹریفک متاثر
سرینگر۔27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر میں مسلسل برف کے تودے گرنے کے واقعات ہورہے ہیں۔ تازہ واقعہ میں جموں و کشمیر قومی شاہراہ متاثر رہی ہے۔ برف کے تودوں میں دب کر مرنے والوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی۔ مزید چار سپاہیوں کی نعشیں برآمد کی گئیں۔ تازۃ واقعہ مین ہال میں پیش آیا جس سے بارڈر روڈ آرگنائزیشن کا کام درہم برہم ہوگیا۔ شدید برفباری کی وجہ سے قومی شاہراہیں بند ہوگئی ہیں۔ راستوں کو صاف کرنے کی کوشش جاری ہے۔ مسلسل تیسرے دن بھی کئی راستوں پر ٹریفک مسدود رہی۔ سرینگر میں پولیس عہدیداروں نے کہا کہ چار لاپتہ سپاہیوں کی نعشیں برفانی طوفان اور برفیلی تودے گرنے سے متاثرہ کروز سیکٹر سے برآمد کی گئی ہیں۔ بچائو کاری ٹیم نے کروزسیکٹر سے یہ نعشیں برآمد کی ہیں۔ برفیلی طوفان میں فوجی جوان پھنس گئے تھے۔ چہارشنبہ کی شام کئی سپاہی برف کے ملبے میں دب کر ہلاک ہوگئے تھے۔ جبکہ 7 سپاہیوں کو بچائوکاری ٹیموں نے زندہ بچالیا تھا۔ اسی دوران 60 سالہ شخص اری سیکٹر میں برف کے تودے کے نیچے دب کر ہلاک ہوگیا۔ فتح محمد مغل کل شام اپنے گھر کے باہر نکلا تھا کہ وہ برف کے تودے کی زد میں آگیا۔ مقامی افراد اور پولیس نے اسے ملبہ سے باہر نکالا۔