پرہجوم مقام پر حملہ ، عام شہریوں کو بچانے ، سکیورٹی فور سیس کا جوابی کارروائی سے گر یز
سرینگر ۔ /17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) سرینگر ۔ جموں قومی شاہراہ کے قریب پرہجوم علاقہ پامپور میں ایک فوجی قافلہ پر دہشت گرد حملے کے نتیجہ میں تین سپاہی ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے کہا کہ ’’پامپور میں ایک فوجی قافلہ پر دہشت گرد حملے کے نتیجہ میں تین سپاہی شہید ہوگئے ‘‘ ۔ انہوں نے کہا کہ مزید تفصیلات موصول ہورہے ہیں ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ ضلع پلوامہ کے پامپور ٹاؤن کے تحت کدل بل کے پرہجوم مقام پر یہ دہشت گرد حملہ ہوا جس میں زخمی دو سپاہیوں کو ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسیس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور عام شہریوں کو کسی گزند سے بچانے کیلئے جوابی کارروائی سے گریز کیا گیا ۔ عہدیدار نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ عسکریت پسندوں نے اس مہلک حملے کیلئے موٹر سیکلوں کا استعمال کیا تھا ۔ حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے اطراف و اکناف کے علاقوں میں تلاشی مہم جاری ہے ۔ یہ فوجی قافلہ جموں سے سرینگر روانہ ہورہا تھا کہ اس کو اچانک حملہ کانشانہ بنایا گیا ۔