کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ، حملہ کی نوعیت پر کچھ کہنے سے گورنر ستیہ پال کا گریز
بانیہال / جموں ،30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر سی آر پی ایف کی ایک گاڑی کو اس وقت معمولی نقصان پہونچا جب اس کے قریب موجود خانگی کار میں دھماکہ کے بعد اس میں موجود گیس سلنڈروں میں ایک سلنڈر سے آگ بھرک اٹھی ۔ جموں و کشمیر کے ضلع رام بن میں جواہر ٹنل کے قریب پیش آئے اس واقعہ میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ۔ اس واقعہ سے /14 فبروری کو پیش آئے اس دہشت گرد حملے کی یادیں تازہ ہوگئی تھیں ۔ گزشتہ ماہ ایک خودکش بمبار نے اپنی گاڑی کو دھماکے سے اڑالیا تھا ۔ جس کے نتیجہ میں سی آر پی ایف کے 40 جوان ہلاک ہوگئے تھے ۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ علاقہ جموں کے بانیہال ٹاؤن سے سات کیلو میٹر دور ایک گاؤں میں پیش آیا ۔ جب ہیونڈائی سانترو ماڈل کی موٹر کار میں موجود دو کے منجملہ ایک سلنڈر شعلہ پوش ہوگیا تھا ۔ گورنر ستیہ پال ملک نے جموں میں اخباری نمائندوں سے کہا کہ ہنوز یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ آیا یہ کوئی دہشت گرد حملہ تھا یا نہیں ؟ یہ بھی واضح نہیں ہوا ہے کہ آیا گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی تھی ۔ اس میں کوئی دھماکہ خیز مواد دستیاب نہیں ہوا ہے ۔ تاہم فی الحال پورے یقین کے ساتھ کچھ نہیں کہا جاسکتا ۔ بانیہال کے سب ڈیویژنل پولیس افسر سجاد سرور نے کہا کہ یہ گاڑی جو جموں روانہ ہورہی تھی پوری طرح خاکستر ہوچکی ہے۔ اس واقعہ کے وقت قومی شاہراہ پر سی آر پی ایف کی ایک گاڑی گزررہی تھی ۔ جس کو معمولی نقصان پہونچا ہے ۔ تاہم اس میں سوار تمام افراد کسی گزند کے بغیر محفوظ رہے ۔ اس خانگی گاڑی کے ڈرائیور کا پتہ نہیں چل سکا جو سمجھا جاتا ہے کہ فرار ہوچکا ہے ۔