جمعیۃ علماء ہند نے کیرالا سیلاب متاثرین کی امداد کی 

کانپور : صدر کے سب سے بڑے تباہ کن سیلاب کے شکار کیرالا میں جمعیۃ علماء ہند نے ریلیف کیمپس قائم کر کے سیلاب زدگان کی مدد کا ہاتھ بڑھایا ہے ۔ جمعیۃ علماء اترپردیش یونٹ مولانا متین الحق اسامہ قاسمی نے یہ اطلاع دیتے ہوئے مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کیلئے دعاء کے اہتمام و بھرپور تعاون کی درخواست کی ہے ۔ مولانا نے بتایا کہ کیرالا میں سیلاب سے بڑی تعداد میں جانی او رمالی نقصان ہوا ہے ۔ متاثرین کے بنیادی ضرورتوں کے تمام اسباب وسائل کالعدم ہوگئے ہیں ۔ دور دور تک قصبات او ربستیو ں کا کچھ پتہ نہیں چل رہا ہے ۔

لاکھوں افراد راحتی کیمپوں میں بے سر وسامانی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں ۔ مولانا نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے اگر سیلاب زدگان کی فوری امداد نہ کی جائے تو جانی اتلاف کا سلسلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے اور انسانی بحران پیدا ہونا پوری انسانیت کے لئے تشویشناک ہے ۔

مولانا متین الحق نے بتایا کہ مولانا سید محمود مدنی کی ہدایت پر کیرالا میں تین مقامات پر جمعیۃ علماء ہند کے ریلیف کیمپس قائم کرکے کیرالا ، تملناڈو، کرناٹک ودیگر ریاستوں میں بھی جنگی پیمانے پر راحتی کام شروع کئے گئے ہیں ۔ مولانا محمود مدنی نے تمام اہل خیر حضرات سے اپیل کی کہ ان پریشان حال عوام کی مدد کیلئے آگے آئیں ۔ او رتمام لوگوں سے دعاؤوں کی اپیل کی ہے ۔