جماعت اسلامی ہند کے ذمہ داران سے کانگریس قائدین کی ملاقات

انتخابات میں پارٹی تائید کرنے کی درخواست، منشور کے بیشتر نکات قبول کرنے کا وعدہ

حیدرآباد۔/3اکٹوبر، ( سیاست نیوز) جناب ایم این بیگ زاہد جنرل سکریٹری جماعت اسلامی حلقہ تلنگانہ نے بتایا کہ کانگریس قائدین نے آج جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے دفتر پر جماعت کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور منشور کے بیشتر نکات کو قبول کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے جماعت اسلامی ہند سے انتخابات میں کانگریس کی تائید کرنے کی درخواست کی۔ جس پر مولانا حامد محمد خان نے وضاحت کی کہ فی الوقت جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے مختلف سیاسی پارٹیوں کے ذمہ دارن سے ملاقات کررہی ہے اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے مقامی و ضلعی ذمہ داران سے مشاورت کے بعد حلقہ کی شوریٰ میں مذکورہ کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور شوریٰ اس پر غور و خوض کے بعد چند استثنائی صورتوں کے ساتھ کسی بھی پارٹی کے حق میں تائید کا فیصلہ کرے گی۔ جسے مرکز کی منظوری کے بعد روبہ عمل لایا جائے گا۔جماعت میڈیا اور عوامی جلسوں کے ذریعہ اپنے فیصلہ کو عوام تک پہنچائے گی۔ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ اپنے فیصلہ میں بہتر حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کے پہلوؤں کو مدنظر رکھے گی تاکہ ریاست کے عوام کے حق میں ایک بہتر فیصلہ ہو۔جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ کے ذمہ داران کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ریاست میں مستقبل قریب میں منعقد ہونے والے انتخابات کے ضمن میں جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے عوامی منشور کے نکات کو سیاسی پارٹیوں کے منشور میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ مولانا حامد محمد خاں امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ و اوڈیشہ کی زیر نگرانی ریاستی مجلس شوریٰ کے ارکان پر مشتمل کمیٹی نے تاحال نگران چیف منسٹر تلنگانہ جناب کے چندر شیکھر راؤ ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی اور اپوزیشن کانگریس کے قائدین اتم کمار ریڈی صدر ریاستی کانگریس ، جناب محمد علی شبیر سابق وزیر واپوزیشن لیڈر قانون ساز کونسل تلنگانہ اور جناب عابد رسول خاں سابق صدر نشین اقلیتی کمیشن کے ساتھ ملاقاتیں کرلی ہیں۔ تما م ہی قائدین نے عوامی منشور کے نکات پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔