جسٹس رنجن گوگوئی نے چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ کیلئے حلف لیا، حلف لینے کے بعد اپنی ماں کے پیر چھوئے 

نئی دہلی : جسٹس رنجن گوگوئی ۴۶؍ ویں چیف جسٹس آف انڈیا بن گئے ہیں ۔ جسٹس گوگوئی کو شمالی مشرقی سے پہلے چیف جسٹس آف انڈیا بننے کا شرف حاصل ہوا ہے ۔ واضح رہے کہ جسٹس دیپک مشرا ۲؍اکتوبر کو اس عہد ہ سے سبکدوش ہوئے ہیں ۔ جسٹس گوگوئی نے راشٹر پتی بھون میں صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی نگرانی میں حلف اٹھایا ۔ اب جسٹس گوگوئی ۱۷؍ نومبر ۲۰۱۹ء تک سی جی آئی کے عہدہ جلیلہ پر فائزرہیں گے ۔

سابق چیف جسٹس دیپک مشرا نے سبکدوش ہونے سے قبل جسٹس رنجن گوگوئی کا نام سی جے آئی کیلئے پیش کی تھا ۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی صدارت میں ۶۳؍ سالہ جسٹس گوگوئی نے راشٹر پتی دربارہال میں حلف چیف جسٹس آف انڈیا کا حلف لیا ۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی ، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ ، لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن ، اور دہلی ہائی کورٹ کے کئی جج ، اٹارنی جنرل کے کے وینو گوپال اور کئی سینئر وزارء موجود تھے ۔ حلف لینے کے بعد گوگوئی نے اپنی والدہ شانتی گوگوئی کے پیر چھوکر آشیر واد لیا ۔

جسٹس گوگوئی سپریم کورٹ کے ان چار ججوں میں شامل تھے جنہوں نے ۱۱؍ جنوری ۲۰۱۸ء کو ایک پریس کانفرنس کیا تھا ۔ اس پریس کانفرنس میں سپریم کورٹ کے کام کاج کے طریقہ اور عدلیہ کی آزادی پر سوال کھڑا کیا گیا تھا ۔ جسٹس رنجن گوگوئی کی پیدائش ۱۸ ؍ نومبر ۱۹۵۴ء کو آسام کے دبر گڑھ میں ہوئی ۔ ان کے والد کانگریس کے دورے حکومت میں آسام کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں ۔ مسٹر گوگوئی کی ابتدائی تعلیم دبرگڑھ کے ایک خانگی اسکول میں ہوئی ۔ انہوں نے دہلی یونیور سٹی سے تاریخ کے موضوع میں گرئجویش کیا ۔

گوگوئی نے 1978ء میں گوہاٹی ہائی کورٹ سے وکالت سے وابستہ ہوئے ۔ اور اسی کورٹ میں جج کے عہدہ کو بخوبی انجام دیا ۔ انہوں نے ہریانہ اورپنجاب ہائیکورٹوں میں بھی اپنی خدمات انجام دیں ۔ او ر۱۲؍ فروری۲۰۱۱ء کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز ہوئے ۔ اور اب چیف جسٹس آف انڈیا کی عظیم عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کیلئے تیار ہوگئے ہیں۔