جزوی چاند گہن کل رات سارے ملک میں نظر آئے گا

۔10 بجکر 52 منٹ تا 12 بجکر 48 منٹ تک نادر فلکیاتی نظارہ ، امریکہ میں نہیں دیکھا جاسکتا

کولکتہ ۔ /5 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جزوی چاند گہن /7 اگست کو ملک بھر میں دیکھا جائے گا ۔ ایم بی برلا پلانٹوریم کے ریسرچ اکیڈیمک ڈائرکٹر دیبی پرساد دواری نے پی ٹی آئی سے کہا کہ جزوی چاند گہن کا آغاز /7 اگست کو رات 10 بجکر 52 منٹ سے ہوگا جب مکمل چاند خلاء میں کرہ ارض کے سائے میں آجائے گا جو ایک نادر اور قابل دید فلکیاتی نظارہ ہوگا جس کو جزوی چاند گہن بھی کہا جاتا ہے ۔ یہ رواں سال کا پہلا چاند گہن ہوگا جس کو سارے ملک میں واضح طور پر دیکھا جاسکے گا ۔ پیر کی شب 10.52 بجے شروع ہونے والا یہ چاند گہن رات 12.48 بجے ختم ہوگا ۔ دیبی پرساد دواری نے مزید کہا کہ ’’رواں سال /11 فبروری کو بھی ایک چاند گہن ہوا تھا لیکن وہ راست طور پر زمین کے سائے سے نہیں گزرا بلکہ اس کے اطراف کے حلقہ کے قریب سے گزرگیا جس کے نتیجہ میں اکثر آبادی اس کو نہیں دیکھ سکی ۔ لیکن اس مرتبہ کا جزوی چاند گہن سارے ایشیاء اور آسٹریلیا کے علاوہ یوروپ اور افریقہ کے اکثر حصوں میں دیکھا جائے گا ۔ البتہ شمالی و جنوبی امریکہ میں اس وقت دن رہنے کے سبب وہاں پیر کا چاند گہن نہیں دیکھا جاسکے گا ۔ دواری نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ /7 اگست کی شب 10 بجکر 52 منٹ سے رات 12 بجکر 48 منٹ تک جاری رہنے والے اس جزوی چاند گہن رات 11 بجکر 50 منٹ پر انتہائی سطح پر پہونچ جائے گا ۔چاند کا بڑا حصہ زمین کے سائے کے پیچھے چھپ جائے گا ۔ اس چاند گہن کی مدت 1گھنٹہ 55 منٹ ہوگی ۔ ہندوستان کے تقریباً یہ مقام سے اس فلکیاتی منظر کو مکمل طور پر دیکھا جاسکے گا ۔ چاند گہن صرف مہتاب کامل کے موقع پر ہی ہوتے ہیں کیونکہ اس وقت سورج کرۂ ارض اور چاند ایک ہی سیدھی لکیر پر آتے ہیں ۔ جب سورج کی شعاعیں زمین پر پڑتی ہیں اور اس (کرۂ ارض) کا سایہ خلاء کے ایک ٹکڑے پر پڑتا ہے اور چاند جب اس ٹکڑے میں داخل ہوتا ہے تو چاند گہن دیکھا جاسکتا ہے ۔

امریکہ چند منٹوں کے لیے تاریکی میں ڈوب جائے گا
21 اگست کو مکمل سورج گہن
کیپ کنیورل ( امریکہ ) ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : اس سال 21 اگست کو مکمل سورج گہن ہوگا لیکن اس کا مشاہدہ سادہ آنکھ سے مشکل ترین ہوسکتا ہے ۔ سورج ، چاند اور کرہ ارض 21 اگست کو یکساں درجہ پر آئیں گے اور چند منٹوں کے لیے دن کا اجالا رات کے اندھیرے میں تبدیل ہوجائے گا ۔ جب سورج ، چاند اور کرہ ارض کے درمیان سے گذرے گا تو امریکہ میں اس کا نظارہ تاریکی میں کیا جاسکے گا ۔ اور تقریبا ایک صدی میں پہلی مرتبہ ایسا نظارہ دیکھنے کو ملے گا ۔ ناسا کے تعلیم اور عوامی امور کے رابطہ کار الکس یاونگ نے بتایا کہ ہم اس مرتبہ غیر معمولی بے نظیر طور پر آنکھوں سے اس سورج گہن کے نادر موقع کا مشاہدہ کریں گے ۔ حقیقت میں دراصل یہ ایک حیران کن دلچسپ موقع ہوگا ۔ جب عوام کی آنکھیں اس حیرت انگیز نظارہ کو دیکھیں گی ۔۔