جاپان میں طوفان ،10 افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

۔10لاکھ گھروں میں تاریکی،ایرپورٹ بند ، حمل ونقل متاثر

ٹوکیو ۔5ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی جاپان میں آئے خوفناک طوفان سے 10 افراد کی موت ہو گئی جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔جاپان حکومت کی جانب سے چہارشنبہ کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ طوفان کی وجہ سے بجلی کی سپلائی مکمل طور پر ٹھپ ہو گئی ہے اور 10 لاکھ سے زیادہ گھروں میں تاریکی چھا گئی ہے۔ چیف کابینہ سکریٹری ‘یوشی ھدے سوگا’ نے بتایا کہ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں کچھ ریلوے لائنوں اور سڑکوں پر ٹریفک بند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہوائی اڈے سے طیاروں کی پرواز کب سے شروع ہوگی ۔مسٹر سوگا نے کہا کہ حکومت صورتحال کو سنبھالنے اور لوگوں کو راحت پہنچانے کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔دوسری طرف کنسائی ہوائی اڈے پر تقریباً 3000 مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔ٹیلی ویژن کی فوٹیج میں ہوائی اڈے پر مسافروں کو کھانے اور پانی کیلئے لائن میں کھڑے دکھایا گیا ہے ۔کنسائی ایرپورٹ کے حکام نے بتایا کہ یہاں پھنسے ہوئے مسافروں کو کشتیوں اور بسوں کے ذریعے نزدیک کے کوبے ایرپورٹ لے جایا جا رہا ہے ۔ طاقتور تیز رفتار آندھی سے گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں۔ لاری اُلٹ گئیں اور 2,591 ٹن وزنی ٹینکر جو اُسکا خلیج میں ایک پُل کے پاس رُکا ہوا تھا، اُلٹ گیا۔ پل کو نقصان پہنچا اور ایرپورٹ بند کردیا گیا۔ 16,000 افراد نے اپنی رات پناہ گزین کیمپوں میں گذاریں۔ 800 پروازیں منسوخ کردی گئیں، جن میں سینکڑوں غیرملکی پروازیں بھی شامل ہیں۔ مقامی ٹرین خدمات معطل کردی گئیں۔ وزیراعظم شینزو ایب نے عوام پر عاجلانہ تخلیہ کی خواہش کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت، شہریوں کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کررہی ہے۔ اس علاقہ میں سیلاب اور زمین کھسکنے کے واقعات تباہ کن ثابت ہوئے، حالانکہ عوام سے تخلیہ کرنے کیلئے خواہش کی گئی تھی، تاہم اس کا لزوم عائد نہیں کیا گیا تھا۔ زبردست طوفان کی وجہ سے کنسائی بین الاقوامی ایرپورٹ سے ملک کے دیگر مصروف علاقوں کو منتقل کرنے والی کشتیاں جزوی طور پر سیلاب زدہ پناہ گزین کیمپوں میں قیام کرنے پر مجبور ہوگئیں۔ کم از کم 2 افراد ہلاک ہوگئے اور مزید سینکڑوں زخمی ہیں۔ ہواؤں کی رفتار 216 کیلومیٹر فی گھنٹہ ہے جس کی وجہ سے گھروں کی چھتیں اُڑ گئی ہیں۔ درجہ حرارت ہنوز زیادہ ہونے کی وجہ سے طوفان کا اثر محسوس نہیں ہورہا ہے۔