نئی دہلی 29 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری آج ہندوستان پہونچے اور وہ یہاں دوسرے ہند ۔ امریکہ حکمت عملی و تجارتی مذاکرات میں حصہ لیں گے جو کل منعقد ہونگے ۔ ان مذاکرات میں پاکستان سے پھوٹنے والی دہشت گردی اور دوسرے اہم مسائل بشمول معاشی امور جیسے ویزا پر بھی تبادلہ خیال ہوگا ۔ بات چیت کے دوران ہندوستان و امریکہ کے مابین تعلقات کی جملہ نوعیت کا جائزہ لیا جائیگا ۔ اجلاس کی صدارت وزیر خارجہ سشما سوراج اور وزیر تجارت نرملا سیتارمن ‘ امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور سکریٹری آف کامرس پینی پرٹزکر کے ساتھ مشترکہ طور پر کرینگی ۔ فریقین کے اعلی سطح کے بین ایجنسی وفود بھی بات چیت میں شریک رہیں گے ۔ اس دوران سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری اور ان کا قافلہ آج ستیہ مارگ کے قریب ٹریفک میں پھنس گیا ۔ یہاں شدید بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی جمع تھا ۔ کیری کا قافلہ چانکیہ پوری میں ہوٹل کو جارہا تھا کہ وہ ستیہ مارگ کے قریب ٹریفک میں پھنس گیا ۔ سینئر پولیس و ٹریفک عہدیداروں نے تفصیلات بتانے سے گریز کیا ۔