جانا ریڈی و محمد علی شبیر ‘ ملنا ساگر کے راستے میں گرفتار

رات دیر گئے رہائی ۔ دورہ کی ہائیکورٹ سے اجازت کے بعد کانگریس قائدین احتجاج سے دستبردار
حیدرآباد۔/29جولائی، ( سیاست نیوز) قائدین اپوزیشن مسٹر کے جانا ریڈی اور مسٹر محمد علی شبیر کو میدک کی پولیس نے صبح گرفتار کرتے ہوئے رات دیر گئے رہا کیا۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ملنا ساگر جانے کی اجازت دینے کے بعد کانگریس قائدین پولیس اسٹیشن میں اپنے احتجاج سے دستبردار ہوگئے اور چیف منسٹر کے سی آر پر ڈکٹیٹر کا رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ ملنا ساگر کے متاثرین سے ملاقات کرنے آج صبح قائد اپوزیشن اسمبلی کے جانا ریڈی، قائد اپوزیشن کونسل مسٹر محمد علی شبیر حیدرآباد سے روانہ ہوئے جنہیں میدک پولیس نے وینٹی مامڈی موضع میں روکتے ہوئے تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں انہیں بلارم پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا۔ دونوں قائدین نے اپنی گرفتاری کی سخت مذمت کی اور ضمانت حاصل کرنے سے انکار کردیا۔ دونوں قائدین کی پولیس سے بحث ہوگئی۔ جانا ریڈی اور محمد علی شبیر نے پولیس پر زور دیا کہ انہیں ملنا ساگر کے متاثرین سے ملاقات کا موقع فراہم کیا جائے یا انہیں جیل روانہ کیا جائے۔ بحیثیت قائدین اپوزیشن انہیں حق ہے کہ وہ ریاست کے کسی بھی علاقہ کا دورہ کرسکتے ہیں تاہم ٹی آر ایس حکومت آمرانہ رویہ اختیار کرکے حقوق کو دبانے پولیس کا بیجا استعمال کررہی ہے۔ ان کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کسانوں سے زبردستی اراضیات حاصل کررہی ہے ۔ مسٹر محمد علی شبیر نے متاثرین سے ملاقات کرنے تک واپس نہ لوٹنے کا اعلان کیا۔ سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا و صدر ضلع میدک کانگریس مسز سنیتا لکشما ریڈی نے حیدرآباد ہائیکورٹ سے رجوع ہوکر لنچ موشن پیش کیا اور ملنا ساگر کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت طلب کی اور ہائی کورٹ نے کانگریس قائدین کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کی اجازت دے دی جس کی وجہ سے ہم پولیس اسٹیشن میں احتجاج سے دستبردار ہورہے ہیں۔ مسٹر محمد علی شبیر نے جمہوری اختیارات کا تحفظ کرنے پر ہائیکورٹ سے اظہار تشکر کیا اور رات دیر گئے کانگریس قائدین پولیس اسٹیشن سے باہر آئے۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس قائدین متاثرہ مواضعات کا دورہ کریں گے اور اراضیات سے محروم کسانوں سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ار ایس حکومت عوامی نمائندوں کے جمہوری حقوق کو سلب کرنے کی کوشش کررہی ہے۔  مسٹر محمد علی شبیر نے اراضیات سے محروم ہونے والے کسانوں کو حصول اراضیات قانون 2013 کے تحت معاوضہ ادا کرنے کے علاوہ راحت کاری کے اقدامات کرنے پر زور دیا اور جی او 123 سے فوری دستبرداری اختیار کرنے کا مطالبہ کیا۔ قبل ازیں ورکنگ صدر تلنگانہ کانگریس مسٹر ملوبٹی وکرامارکا سابق وزیر ڈاکٹر جی گیتا ریڈی، ارکان اسمبلی مسٹر جی چناریڈی، مسٹر رام موہن ریڈی ارکان کونسل مسٹر پی سدھاکر ریڈی، مسٹر رام موہن ریڈی کونسل، مسٹر پی سدھاکر ریڈی، مسٹر ایم رنگاریڈی ، مسٹر دامودھر ریڈی، صدر گریٹر حیدرآباد سٹی کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ مسٹر شیخ عبداللہ سہیل کے علاوہ کئی قائدین اور سینکڑوں کانگریس کارکنوں نے آئی ڈی اے بلارام پولیس اسٹیشن پہنچ کر گرفتار قائدین سے خیرسگالی ملاقات کی۔