جامعہ نگر دہلی کا عجیب ناکہ، مجرمین سے زیادہ طلبہ و طالبات یہاں آتے ہیں۔

نئی دہلی: عام طور پر پولیس اسٹیشن جرم کو روکنے اور مجرمین کو پکڑنے کیلئے بنائے جاتے ہیں۔ لیکن جامعہ نگر کا یہ پولیس تھانہ صرف مجرمو ں کوہی نہیں پکڑتا بلکہ نئی نسل کے مستقبل کو سنوارنے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ پولیس۔ پبلک لائبریری کے زیر اہتمام 2012ء سے نئی دہلی کے جامعہ نگرپولیس اسٹیشن میں نوجوان لڑکے لڑکیو ں کی تعلیم سے روشناس کروانے کیلئے ایک کتب خانہ کی بنیاد ڈالی گئی تھی۔ او ردیکھتے ہی دیکھتے یہ پودا تناآور درخت بن گیا او رآج اس کتب خانہ میں دو ہزار سے زائد کتابیں ہیں۔ ان میں ہر زبان کی کتابیں جیسے اردو، ہندی، انگریزی اور دیگر زبانو ں کی کتابیں دستیاب ہیں۔ طلبہ کو پڑھانے کیلئے دس اساتذہ کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں۔

اس پولیس پبلک لائبریری کی نگرانی شہر ایک مشہور غیر حکومتی تنظیم کرتی ہے۔ طلبہ و طالبات کو پڑھنے کیلئے کتابیں گھر لیجانے کی بھی اجازت ہے۔ سماجی کارکن اور این جی او کے رکن ندیم خان نے بتایا کہ اس طرح کا کتب خانہ دہلی میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہاں کے طلبہ کو پڑھنے کیلئے بڑی دشواری پیش آیا کرتی تھی۔ اسی کے پیش نظر ہماری تنظیم نے دہلی پولیس کے تعاون سے جامعہ نگر پولیس اسٹیشن میں ایک کتب خانہ عمل میں لایاگیا۔ طلبہ نے بتایا کہ اس پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او بھی طلبہ کو پڑھائی میں مدد کرتے ہیں۔