جامعہ نگر تھانہ میں شری شری روی شنکر کے خلاف شکایت درج

نئی دہلی: آرٹ آف لیونگ کے شری شری شنکر کے ذریعہ بابری مسجد کے حوالہ سے دئے جانے والے بیان پر اوکھلا کے ایک سیاسی کارکن پرویز عالم خان نے تھانہ جامعہ نگر میں شکایت درج کراتے ہوئے ان کے خلاف ملک سے غدار ی او رانار کی پھیلانے کی کوشش کے علاوہ توہین عدالت عظمی او رمسلمانوں کو دھمکانے جیسے معاملوں کے تحت مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس پارٹی سے وابستہ پرویزعالم خان نے صاف طور پر کہا کہ اگر دو روز میں شری شری روی شنکر کے متنازعہ بیان کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہہوتی ہے تو وہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔او ران کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔پرویز عالم نے کہا کہ بابری مسجد کا مسئلہ کسی ایک یا دو مسلمانو ں سے جڑا نہیں ہے ۔وہیں ہم اب تک عدالت پر یقین کرتے آئے ہیں او ر جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ہمیں منظور ہے۔

انھوں نے کہا کہ شری روی شنکر آرٹ آف لیونگ چلا تے ہیں جب کے ان کا یہ بیان آرٹ آف کلینگ کو فروغ دے رہاہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ملک کے آئیں او رنظام عدلیہ پر مکمل طور پر یقین رکھتے ہیں او راسی لئے میں نے ایک عام شہری کی حیثیت شری روی شنکر کے اس بیان کو ملک کے سالمیت او یکجہتی کے خلاف بڑا خطرہ محسوس کرتے ہوئے ان کے خلاف تھانہ جامعہ میں شکایت دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ارادہ سیدھا طور پر ایف آئی آر درج کرانے کا تھا مگر ایس ایچ او جامعہ نے بڑی مشکل سے شکایت لی حالانکہ ایسے معاملہ میں فوری طور پر ایف آئی آر درج ہونی چاہئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس شکایت کی ایک کاپی چیف جسٹس آف انڈیا،چیف جسٹس دہلی ہائی کورٹ ،اور پولیس کمشنر دہلی کو بھیجی گئی ہے۔