تعمیری کام اختتامی مراحل میں، صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے چیک حوالہ کیا
حیدرآباد۔ 2 اگست (سیاست نیوز) جامعہ نظامیہ میں عصری آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام اختتامی مراحل میں ہے۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے آر اینڈ بی عہدیداروں کو آج دیڑھ کروڑ روپئے کا چیک حوالہ کیا۔ پراجیکٹ کی جملہ لاگت 14 کروڑ ہے جس میں سے وقف بورڈ نے 6 کروڑ 50 لاکھ روپئے ابھی تک جاری کردیے ہیں۔ صدرنشین وقف بورڈ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ آڈیٹوریم کی تعمیر کا کام جلد سے جلد مکمل کریں کیوں کہ چیف منسٹر کے سی آر کے ہاتھوں افتتاح کا منصوبہ ہے۔ عہدیداروں نے 15 اگست تک کاموں کی تکمیل کا تیقن دیا ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے کہا کہ پرانے شہر میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا عصری آڈیٹوریم ہوگا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سکیولر قائد ہیں اور انہوں نے جنوبی ہند کی عظیم درسگاہ جامعہ نظامیہ میں آڈیٹوریم کی تعمیر کا فیصلہ کیا تاکہ جامعہ نظامیہ کو اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے میں مدد ملے۔ انہوں نے کہا کہ آڈیٹوریم کی تعمیر کے سلسلہ میں چیف منسٹر نے خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے۔ محمد سلیم حالیہ عرصہ میں جامعہ نظامیہ کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کا جائزہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آر اینڈ بی عہدیداروں کی جانب سے کام کی تکمیل کے بلس کے ادخال کے مطابق رقم جاری کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ہند میں جامعہ نظامیہ کی خدمات کا ہر کوئی معترف ہے۔ محمد سلیم نے وقف بورڈ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ وقتاً فوقتاً تعمیری کاموں کی پیشرفت کا جائزہ لیں۔